ٹرک ڈرائیور کو قتل کے بعد نہر میں پھینکنے والا ملزم ریاض عرف گاڈے گرفتار، واردات کی تفصیل کا انکشاف کر دیا

پشاور(آئی این پی)تھانہ حیات آباد پولیس نے ٹرک ڈرائیور کے قتل میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کا تعلق ضلع خیبر کے علاقہ شاہ کس سے ہے، ملزم نے تین ماہ قبل دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ٹرک ڈرائیور منیر خان کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد لاش شاہ کس نہر کے قریب پھینک کر فرار ہوا تھا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران ٹرک ڈرائیور منیر خان کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی ہے جن کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے،

ملزم سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی شاہ ولی ولد اجون نے تھانہ حیات آباد پولیس کواپنے بھائی ٹرک ڈرائیور منیر خان کے قتل کی رپورٹ کی تھی جس پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس ایچ او تھانہ حیات آباد نور حیدر نے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی کارروائیوں کا آغاز کیا جس کے دوران گزشتہ روز ٹرک ڈرائیور کے قتل میں ملوث ملزم کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ریاض عرف گاڈے ولد نثار کو گرفتار کر لیا گیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران ٹرک ڈرائیور منیر خان کو پہلے تشدد کا نشانہ بنانے اور بعد ازاں ساتھیوں کے ساتھ مل کر فائرنگ کرکے اسے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے، گرفتار ملزم سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں