کوئٹہ (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ 3مارچ کوڈیرہ اللہ یار،11مارچ کو ژوب میں ”حق دو دھرنے“علاقے کے مسائل کو اجاگراورحل کرنے کی راہ ہموارکرے گی،ڈیرہ اللہ یار دھرنے سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق،حق دوتحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودیگر قائدین خطاب کریں گے۔بلوچستان میں اب بھی بارڈرٹریک کو مشکلات درپیش ہیں بھتہ خوری،رشوت کا بازارگرم ہے،ساحل پر بھی قبضہ مافیاکا راج ہے چیک پوسٹوں میں کچھ حد تک کمی آئی ہے۔
بلوچستان میں پندرہ سے بیس گھنٹے کی بجلی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے زراعت ومعیشت تباہ ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بدترین مہنگائی،بے روزگاری وغربت حکمرانوں کونظرنہیں آتی ہر طرف حکومت جھوٹے وعدوں وبے عمل اعلانات کی وجہ سے عوام پریشان ومایوس ہوئے ہیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں صوبہ بھر میں پینے کے صاف پانی کی قلت،بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ،گیس پریشرمیں کمی کی وجہ سے عوام الناس پریشان ہیں۔جماعت اسلامی مسائل کو اجاگر عوام کو بیدار اورحکمرانوں کو مسائل حل کرنے پر توجہ دینے کیلئے 20فروری سے بیس مارچ تک دس مقامات پر عوامی حق دو دھرنے دیں گے۔عوام الناس جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ منتخب کوحکومتوں،موجودہ حکومت واپوزیشن نے عوام کو بار بار دھوکہ دیا مسائل حل ہوئے،روزگارملا نہ انصاف،ہر طرف اندھیر نگری بدعنوانوں کا راج ہے جماعت اسلامی صوبے کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرنے، بنیادی حقوق کی فراہمی،ظلم وجبر کا خاتمہ چاہتی ہے عوام کو لولی پاپ پرکب تک ٹرخایا جائیگا۔
ہر حکمران بلوچستان کو ترقی دینے،قومی دھارے میں شامل کرنے کے دعوے کرتی ہے لیکن عمل درآمد کسی نے نہیں کیا بدقسمتی سے بلوچستان کے وسائل بھی بلوچستان کے مظلوم عوام پر خرچ نہیں کیا جارہا۔ساحل پر کام کرنے والے مچھیرے وکاروباری حضرات ٹرالر مافیاوبھتہ خوروں سے پریشان ہیں بارڈرزپر بھی تجارت مشکل وناممکن بنادیا گیاہے بھتہ وغنڈہ ٹیکس دینے والے توآزادان کی تجارت ترقی کررہی ہے لیکن قانون وآئین کے مطابق کام کرنے والوں کی راہ میں مشکلات پیدا کی جارہی ہے لاپتہ افراد کادیرینہ قومی مسئلہ تاحال حل نہیں ہوا۔بلوچستان کے اہل وپڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیکر روزگارکیلئے پریشان جبکہ روزگار سرمایہ داروں کو قیمتاًمل رہی ہے۔اہل پڑھے لکھے نوجوانوں کے پاس رشوت دینے کیلئے حرام کا سرمایہ نہیں اور نہ ہی لٹیروں کیلئے بڑی سفارش ہے جس کی وجہ سے انہیں روزگارنہیں مل رہا۔جماعت اسلامی ان لٹیروں کے خلا ف جدوجہد کر رہی ہے انشاء اللہ 20فروری سے 20مارچ تک بلوچستان بھر میں آٹھ سے دس مقامات پر احتجاجی دھرنے ہوں گے عوام الناس مسائل کے حل،لٹیروں کو لوٹ مار سے منع کرنے،مسائل کو اجاگر اورحل کیلئے ان دھرنوں میں شرکت کریں۔
جماعت اسلامی پریشان حال مظلوم عوام کیلئے امید کی کرن ہے انشاء اللہ ہم عوام کے مسائل حل اور لٹیروں کوناکام بنائیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں