24 گھنٹے ڈیوٹی کا نظام ختم، آئی جی اسلام آباد پولیس نے افسران و اہلکاروں کی ہفتہ وار چھٹی کیلئے طریقہ متعارف کرا دیا

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد پولیس کے سربراہ احسن یونس نے اسلام آباد پولیس کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پولیس اہلکاروں کی ہفتہ وار چھٹی کے لئے ایک قابل عمل طریقہ طے کرلیا،اس سلسلہ میں واضح احکامات جاری کر دیئے ہیں تاکہ پولیس ملازمین 24 گھنٹے ڈیوٹی دینے کے بجائے مقررہ اوقات میں فرائض انجام دیں اور ان کو ہفتہ وار رخصت بھی مل سکے اس طرح پولیس ملازمین کی استعداد کار میں بھی اضافہ ہو سکے گا۔ اس سلسلہ میں بتایا جاتا ہے

کہ اسلام آباد پولیس کے وہ ملازمین جو کہ راولپنڈی اسلام آباد جڑواں شہروں میں رہتے ہیں ان کو ہفتہ میں ایک دن رخصت دی جائے گی جب کہ دوسرے شہروں کے رہنے والوں کے بارے میں یہ طریقہ کار اپنایا گیا ہے کہ وہ پندرہ روز میں اگر اپنے گاؤں جانا چاہیں تو وہ دو روز کی چھٹی کر سکتے ہیں اگر وہ ایک مہینہ بعد چھٹی پر جائیں تو ان کو چار یوم کی اکٹھی چھٹی کرنے کی اجازت ہو گی اسی طرح دو ماہ بعد جانے والوں نو روز، تین ماہ بعد جانے والوں کو 13 یوم کی چھٹی کرنے کی اجازت ہو گی اس بارے میں بتایا جاتا ہے کہ آئی جی پولیس کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ بعض پولیس ملازمین جب گاؤں جاتے ہیں تو اکثر اوقات وہ ہفتہ یا پھراس سے زیادہ روز تک گاؤں میں مصروفیات کے باعث غیر حاضر ہو جاتے ہیں جو کہ ان کی سروس میں گندا ریکارڈ بن جاتا ہے اور واپسی پر ان کو تنخواہ کی بندش یا ملازمت کے عرصہ میں ایک سال یا دو سال تک سروس ضبط کرنے کی سزا ملتی ہے

تو ایسے حالات میں آئی جی پولیس نے ملازمین کو ان کی خواہش یا ضرورت کے تحت چھٹیاں دینے کے لئے طریقہ کار طے کیا ہے جس میں ان کی سروس کا ریکارڈ بھی درست رہے گا اور ان کے بعض معاملات اور مسائل کو نمٹانے کے لئے انہیں زیادہ سے زیادہ وقت مل سکے گا۔ آئی جی پولیس کے ان احکامات کے باعث تھانوں میں تعینات پولیس سٹاف کے لئے علاوہ سی آئی اے سٹاف، پولیس لائن کے سٹاف، ڈی پی ڈی اور سیکیورٹی ڈویژن کے سٹاف اور ٹریننگ پولیس کے ملازمین کو چھٹیوں کا فائدہ مل سکے گا تاہم ابھی تک ان احکامات پر عملدرآمد شروع نہیں کیا جا سکا اور پولیس ملازمین کو خدشہ ہے کہ کہیں آئی جی پولیس کے یہ احکامات کھو کھاتے میں نہ چلے جائیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close