ایک روز میں اسلام آباد میں لاکھوں روپے کے موبائل چھیننے کی 10 وارداتیں

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موبائل چھیننے کی 10 وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون چھین لئے گئے تاہم پولیس کسی بھی واردات کے ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، تھانہ آئی نائن کے علاقہ میں موبائل چوری کی دو وارداتوں میں پولیس نے مقدمات درج کرلئے۔آئی نائن پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ وہ آئی ایٹ ون سے رات 11بجے گزر رہا تھا کہ اس دوران اس کے کسی دوست کی کال آئی، وہ فون پر بات کرنے لگا کہ اس دوران ایک موٹرسائیکل پر دو نوجوان آئے انہوں نے میرے ہاتھ سے موبائل فون چھین لیا،

اسی علاقہ میں دوسری واردات محمد حنیف کے ساتھ پیش آئی، ضلع کوٹلی کے علاقہ فتح پور کے محمد حنیف جاوید کے مطابق وہ کسٹم ڈرائی پورٹ والی سڑک پر جا رہا تھا کہ دو لڑکے ایک موٹرسائیکل پر آئے جنہوں نے چھپٹا مارا اور موبائل چھین کر بھاگ گئے، آئی نائن پولیس نے ڈاکہ زنی کا مقدمہ درج کرلیا، تیسری واردات بھی آئی نائن تھانہ کے علاقہ میں ہوئی، محمد رئیس نے پولیس کو بتایا کہ وہ آئی ایٹ فور میں رہتا ہے، فیض آباد میٹرو اسٹیشن سے آرہا تھا کہ راستے میں ایک موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح نوجوان آ گئے جنہوں نے اسے روکا اور اس کا موبائل اور پرس چھین کر بھاگ گئے، سام سنگ موبائل کی مالیت 35ہزار روپے ہے، جبکہ پریس میں 5ہزار روپے کیش اور دیگر کاغذات بھی تھے۔

سبزی منڈی تھانہ کے علاقہ آئی ٹین میں اپنی کار میں موجود عنصر محمود سے مسلح نوجوان نے موبائل فون چھین لیا، جس کی مالیت 29ہزار روپے بتائی جاتی ہے، اسلام آباد کے علاقہ ایچ 13میں عبداللہ گارڈن کے علاقہ میں ارشاد کے ہاتھ سے نامعلوم موٹرسائیکل سوار موبائل فون چھین کر لے گئے، سوہان قبرستان کے قریب سے محمد حسیب ساکن مانسہرہ کا موبائل فون دو مسلح ڈاکو چھین لے گئے، کھنہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، پولیس کالونی راولپنڈی کے رہنے والے حمزہ فیاض نے کھنہ پولیس کو بتایا کہ وہ بائیکیا چلاتا ہے ایک سواری لے کر رحیم آباد سے غوری ٹاؤن گیا، وہاں سے کھنہ پل آیا، جہاں پر ایک سواری نے راولپنڈی کچہری جانے کے لئے اسے بک کیا، مگر اسی دوران وہاں تین مسلح لڑکے آ گئے، جن کے ہاتھوں میں پستول تھے انہوں نے آتے ہی اسے گن پوائنٹ پر اس سے 2موبائل فون چھین لئے اور اس کی تلاشی لے کر 11ہزار روپے کی رقم بھی لے لی۔ آبپارہ پولیس کو احمد حفیظ نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ سیکٹر جی سیون فور میں رہتا ہے،

وہ کسی کام سے گھر سے باہر نکلا کہ سکول روڈ پر ایک موٹرسائیکل پر دو لڑکے آئے جن کے ہاتھ میں پستول تھے، انہوں نے اس کا موبائل چھین لیاور جیب سے پرس بھی نکال کر فرار ہو گئے، ادھر پمز ہاسپٹل میں زیر علاج ایک جواں سالہ لڑکی کا موبائل فون ہسپتال کی وارڈ سے اس وقت چرا لیا گیا جب خاتون نے موبائل فون چارجنگ پر لگا رکھا تھا۔ تھانہ آبپارہ پولیس نے دیپالپور کے علی رضا کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا ہے، جس کے مطابق اس کی ہمشیرہ ہسپتال میں زیر علاج ہے اور ہسپتال کے اندر سے اس کا موبائل چوری کرلیا گیا۔ کراچی کمپنی کے علاقہ جی نائن ون کے محمد بلال کے مطابق دو لڑکے جو کہ موٹرسائیکل پر آئے اس کا موبائل فون چھین کر لے گئے۔ ادھر فیڈرل فلڈ کمیشن کے نائب قاصد کے ہاتھ سے دو لڑکے موبائل فون چھین کر لے گئے۔ سیکرٹریٹ پولیس نے محمد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا ہے، اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ بینک میں بل جمع کرانے جا رہا تھا کہ چوروں نے اس کا موبائل فون چھین لیا،

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں آئے روز موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 50سے زائد موبائل فون چھیننے کی وارداتیں ہو چکی ہیں، مگر ابھی تک موبائل چھیننے والے گروہ کا سراغ لگانے میں پولیس کامیاب نہیں ہو سکی۔ ادھر آئی جی پولیس اسلام آباد نے موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور ڈی آئی جی آپریشن اور ایس ایس پی آپریشن سے موبائل فون چھیننے والے گروہ کا سراغ لگانے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دینے کو کہا ہے جو کہ موبائل فون چھیننے والوں کا سراغ لگا کر ان کو گرفتار کرے جبکہ موبائل فون کی مارکیٹوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے جو کہ موبائل چوروں کا سراغ لگا کر ان کو گرفتار کرے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close