کراچی(آئی این پی) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ایک بار پھر آصف علی زرداری اپوزیشن پارٹیوں کے دیگر سربراہان پربہت ہی بھاری ثابت ہورہے ہیں اور پی ڈی ایم میں نہ ہوتے ہوئے بھی نہ صرف سب کو ”نکیل“ ڈالی ہوئی ہے بلکہ مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی کو بھی اپنی آغوش میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے بقیہ پی ڈی ایم کی 9 پارٹیوں کے طے شدہ فیصلوں کو ختم کرواکے ان کی لائن آف ایکشن کو ہی یکسر تبدیل کروا دی ہے۔
وہ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ در اصل پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم میں رہتے ہوئے بھی پی ڈی ایم کے طے شدہ 26 نکات سے ہٹ کر انفرادی طور پراپنی پارٹی میں ضمنی اور سینٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کا یکطرفہ فیصلہ کیا اورپھر ان فیصلوں کو پی ڈی ایم کی باقی 10 پارٹیوں سے انگوٹھا لگا کر منظوربھی کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی صورتحال میں ایک عدد شوکاز نوٹس بھی پیپلزپارٹی کو دیا گیا تھا جس کے ردعمل میں انہوں نے پی ڈی ایم کو خیرباد کہہ دیا تھا مگر نہ شوکاز نوٹس کا جواب آیا نہ پی ڈی ایم کی پارٹیاں 9سے 11 ہو سکیں البتہ آصف زرداری نے ان کے طے شدہ موقف پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینے تحریک عدم اعتماد نہ لاتے سینٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے طے شدہ فیصلوں کے پرخچے اڑا کر پی ڈی ایم کی بقیہ 9 پارٹیوں کو بھی ”نو دو گیارہ“ کردیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں