چوری کی گئی سرکاری ادویات کی بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی

پشاور)آئی این پی)محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے سرکاری ادویات بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاون کے دوران، ہشتنگری میں گھر سے سرکاری ادویات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی گئی، ملزم سرکاری و زائدالمیعاد ادویات دوبارہ پیک کرکے سپلائی کرتا تھا، اس موقع پر سٹاک قبضے میں لیکر کاروائی شروع کر دی گئی، تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا ڈرگ کنٹرول ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے کشن پورہ ہشتنگری میں واقع گھر پر چھاپے کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں دی جانیوالی ادویات کی بڑی کھیپ برآمد کی ہے۔

اس سلسلے میں ڈرگ انسپکٹر خوشحال خان کا کہنا تھا کہ مالک مکان سے تمام سٹاک قبضے میں لیکر بیان بھی ریکارڈ کروایا گیا ہے۔ ادویات میں ایم سی سی کے پی، سندھ اور پنجاب حکومت سمیت محکمہ دفاع کے ہسپتالوں میں مفت مہیا کی جانیوالی ادویات شامل ہیں۔ ڈرگ انسپکٹر کے مطابق ملزم سرکاری و زائد المیعاد ادویات کو دوبارہ نئی پیکنگ کیساتھ مارکیٹ میں سپلائی کررہا تھا۔ کاروائی کے تحت مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ کورونا سے بچاو کی ادویات کی مارکیٹ میں بلیک میں فروخت پر محکمہ صحت کی جانب سے سخت اقدامات اُٹھانے اور مارکیٹ میں مصنوعی شارٹیج پیدا کرنے والے منافع منافع خوروں کیخلاف سخت کاروائیوں کے احکامات بھی جاری ہوچکے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close