محتسب اعلیٰ کی مداخلت پر بی ڈی ایس سال دوئم کی طالبہ کا نتیجہ درست کردیا گیا

کراچی(آئی این پی)محتسب اعلیٰ سندھ اعجار علی خان نے اپنے دفتر کی مداخلت پر جامعہ کراچی کی جانب سے اپنی غلطی کی تصحیح اور بی ڈی ایس سال دوئم کی طالبہ کے نتیجے کی درستگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔طالبہ ردا فاطمہ نے اپنی شکایت (اکتوبر 2021)میں واضح کیا کہ وہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی بی ڈی ایس کی سال دوئم کی طالبہ ہیں اور یہ کہ انہوں نے پیتھالوجی کا سپلیمنٹری امتحان 2020میں دیا تھا مگر انہیں 39 نمبر دیکر فیل کردیا گیا

انہوں نے الزام لگایا کہ جامعہ کی جانب سے مہیا کئے گئے درست جوابات کی ترتیب میں تیکنیکی غلطی کی وجہ سے ان کو فیل کیا گیا جس کی وجہ سے انہوں نے جامعہ سے اپنے پرچہ کے جوابات کی دوبارہ جانچ کرنے کے لئے تحریری درخواست کی مگر وہاں سے کوئی جواب نہ ملنے پر صوبائی محتسب اعلیٰ سے مدد کی درخواست کی۔صوبائی محتسب نے مذکورہ بالا شکایت کو باضابطہ تحقیقات کے لئے منظور کرتے ہوئے اپنے مشیر سید قمر رضی نقوی کو فوری اقدامات کی ہدایت کی،جامعہ کراچی نے اپنے جوابی مراسلے میں اس بات کا اعتراف کیا کہ درست جوابات کی ترتیب میں کچھ تیکنکی غلطیاں تھیں جن کو حکام بالا کی منظوری کے بعد درست کرلیا گیا ہے

اور یہ کہ متعلقہ ممتحن کی جانب سے درست نتیجہ بھی جمع کرانے کے بعد مذکورہ طالبہ کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے،شکایت کنندہ نے اپنی شکایت کے ازالے پر صوبائی محتسب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دفتر کی مداخلت کی وجہ سے اس کا قیمتی سال ضائع ہونے سے بچ گیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں