پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، لوکل بس مالکان نے کرایوں میں مزید پانچ روپے اضافہ کر دیا

کوئٹہ (آئی این پی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں لوکل بس مالکان نے کرایوں میں مزید پانچ روپے اضافہ کر دیا کرایوں میں خودساختہ اضافہ لوکل بس ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے لیٹر پیڈ پر لکھ کر کیا گیا،عوام نے لوکل بس کرایوں میں خودساختہ اضافہ پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ انتہائی خستہ حال لوکل بسوں کا میٹرو بس جتنا کرایہ ظلم کے سوا کچھ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فورا بعد ہی مہنگائی کے طوفان سے عوام حواسِ باختہ ہو گئے ہیں کوئٹہ میں لوکل بس مالکان نے چند ماہ کے وقفے کے بعد ایک بار پھر کرایوں میں 5روپے کا من مانہ اضافہ کر دیا ہے جس کے باعث لوکل بس کے کنڈکٹرز اور سواریوں کے درمیان تلخ کلامی کا نہ رکنے والا سلسلہ چل پڑا ہے لوکل بس مالکان نے اپنے ایسوسی ایشن کے پیڈ پر لکھ کر اس کی فوٹو کاپیاں بسوں میں چسپاں کر کے زائد کرایہ لینا شروع کر دیا ہے عوام نے کوئٹہ میں چلنے والی خستہ حال اور ناکارہ بسوں کی بند کر کے ان کی جگہ ویگنیں لانے اور بس مالکان کی جانب سے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے بس مالکان کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھٹارہ لوکل بسوں کا میٹرو بسوں جتنا کرایہ اہلیان شہر کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں