پشاور(آ ئی این پی)ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا محمود اسلم وزیر کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں منشیات سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے، اس سلسلے میں پہلی کارروائی محمد ریاض ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور ریجن بمعہ دیگر نفری نے خفیہ اطلاع پر H گول چوک پر کی۔
کارروائی میں گاڑی نمبری IDH 8217 کو روک کر تلاشی کے دوران 2000 گرام ہیروئن، 2400 گرام چرس اور 2400 گرام افیون برآمد کی ہے، ملزم خاپد شہباز ولد عبدالغنی ساکن تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال کو موقع پر گرفتار کر لیا گیاہے۔ دوسری کاروائی عرفان مشتاق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ضلع مانسہرہ کی زیر سرپرستی اور اختر نواز AETO کے زیر نگرانی سرور خان انسپکٹر بمعہ لیڈی کانسٹیبل رانی بی بی و دیگر نفری نے خفیہ اطلاع پر پانو روڈ مانسہرہ میں کاروائی کرتے ہوئے مخبر شدہ گاڑی نمبری LED 3988 سے گاڑی کی تلاشی لینے پر گاڑی کی سی این جی ٹینکی سے 9896 گرام چرس برآمد کی گئی، ملزمہ مسماہ روبینہ بیبی ولد خادم حسین ساکن اوکاڑہ پنجاب کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ فرار ساتھی کی تلاش جاری ہے۔ تیسری کاروائی میں ماجد خان پراوینشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو کی زیر نگرانی جمیل بابر سب انسپکٹر ایڈیشنل انچارج EIB-1 نے بمعہ دیگر نفری خفیہ اطلاع پر حاجی کیمپ سٹاپ پر مسافر گاڑی روک کر دو مخبر شدہ انٹرنیشنل سمگلرز کے جسم کے اندر سے چھپائی گئی 8 عدد انڈے نما کیپسول سے 400 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اطلاع کے مطابق ہیروئن پہلے پنجاب اور بعد ازاں بیرون ملک سمگل کی جانی تھی، دونوں ملزمان محمد جاوید ولد محمد لطیف اورثنائاللہ ولد ظفراللہ ساکنان ڈسکہ ضلع سیالکوٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔
تینوں کارروائیوں میں مزید تفتیش کیلئے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے محمود اسلم وزیر ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز اور صلاح الدین ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول نے متعلقہ عملے کی حالیہ کامیاب کاوائی کو سراہتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں