پشاور(آئی این پی)محکمہ صحت ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز خیبر پختونخوا کی دلہ زاک روڈ پر بڑی کاروائی، ملٹی نیشنل ادویات کی جعلی برانڈز بنانے والی فیکٹری سیل محکمہ صحت کے ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز خیبر پختونخوا نے دلہ زاک روڈ کاکا خیل ٹاون پر بڑی کاروائی کرتے ہوئے گھر کے اندر واقع جعلی و غیر معیاری ادویہ ساز فیکٹری کو سیل کردیا۔
مالکان کیخلاف ڈرگ ایکٹ کے مطابق کاروائی کیلئے مراسلہ بھیجا گیا۔ ڈپٹی سیکرٹری ڈرگ ابراہیم خان نے بتایا کہ ڈرگ ڈائریکٹر ڈاکٹر عباس کو گھر کے اندر واقع جعلی ادویہ ساز فیکٹری کی اطلاع ملی جس پر متعلقہ ڈرگ انسپکٹر خوشحال کو اطلاع دیکر کاروائی کا حکم دیا گیا۔ ڈرگ انسپکٹر خوشحال خان کے مطابق ادویہ ساز فیکٹری میں ملٹی نیشنل ادویات کے جعلی برانڈز بنائے جاتے تھے جو غیر قانونی اور مس برانڈنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ فیکٹری کو فوری سیل کرکے لاکھوں روپے مالیت کا سٹاک قبضے میں لے لیا گیا۔ ادویات کے نمونے مزید چیکنگ کیلئے ڈرگز لیب بھیجے جائینگے۔ مزید چھان بین کیلئے فیکٹری کی چیکنگ جاری ہے۔
واضح رہے کہ وزیر و سیکرٹری صحت نے غیر معیاری ادویات اور ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف پہلے ہی سخت کاروائی کے احکامات جاری کئے ہیں جس کے تحت پچھلے ہفتے چارسدہ روڈ پر واقع گودام سے کروڑوں مالیت کی ادویات قبضے میں لے لی گئی تھیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں