ڈیرہ اسماعیل خان(آئی این پی) ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کی نشست پر302پولنگ سٹیشنز سمیت سمیت خیبر پختونخوا کے13اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ری پولنگ کیلئے آج بروز اتوار ہورہی ہے، رات گئے تک سیاسی سرگرمیاں عروج پررہیں، مخالفین پر تابڑ توڑ سیاسی حملے بھی جاری،صوبائی الیکشن کمیشن نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت 13اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے لیے انتظامات مکمل کرلئے، انتخابی عملہ میں انتخابی میٹریل بھی تقسیم کردیا گیا،
ڈی پی او ڈیرہ کا بھی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلہ کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کی نشست پراے این پی کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کے قتل کے واقعہ کے بعد ملتوی ہونے والے انتخابات کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور مردان سمیت 13اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ آج ہورہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ری پولنگ کیلئے انتخابی مہم کا وقت گزشتہ شب رات 12بجے ختم ہوگیا اور امیدواروں کی جانب سے رات گئے تک سیاسی سرگرمیاں عروج پررہیں اور مخالفین پر تابڑ توڑ سیاسی حملے بھی جاری رہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کی نشست پر پولنگ کے عمل کیلئے تحصیل بھر میں 302پولنگ سٹیشنزقائم کئے گئے ہیں جن کی سیکورٹی کیلئے ڈی پی او ڈیرہ کی نگرانی میں 7ہزار سے زائدپولیس افسران و جوانان ذمہ داری سرانجام دیں گے جبکہ مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، صوبے کے 13اضلاع میں ہونیوالی ری پولنگ کے عمل میں مجموعی طور پر7لاکھ 10ہزار 472ووٹرزحق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن میں 3لاکھ 62ہزار924مرد اور 3لاکھ 47ہزار 548 خواتین ووٹرزشامل ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر حیات اللہ خان، ریٹرننگ آفیسر/ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراسحا ق وزیر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال وزیر، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ نواب سمیر حسین لغاری کی نگرانی میں رتہ کلاچی سپورٹس کمپلیکس میں انتخابی عملے میں انتخابی میٹریل تقسیم کردیا گیا۔
اس حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر) نجم الحسنین لیاقت نے بھی رتہ کلاچی سپورٹس کملیکس کا دورہ کیا اور پولیس جوانوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں چوکس اور غیر جانبدار رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈیرہ اسماعیل خان کے انتخابی معرکے میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اور وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پورکے بھائی عمر امین گنڈہ پور، جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدوار و معروف کاروباری شخصیت کفیل احمد نظامی اور پیپلز پارٹی کے امیدوارفیصل کریم کنڈی کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں