کراچی(آن لائن)وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران ہم نے چار ہزار سے زائد اساتذہ کو ترقیاں دی ہیں چالیس ہزار سے زائد نئے اساتذہ بھرتی کیئے ہیں، ٹیچرز کی ٹریننگ ہماری سب سے اولین ترجیح ہے تاکہ صوبے میں معیاری اساتذہ کا فقدان نہ رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ‘‘ انڈس ایجوکیشن فائونڈیشن انٹر نیشنل کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت آئی اے ایف کے صدر امیر ابڑو کر رہے تھے۔
اس موقعہ پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری بھی موجود تھے۔ سردار شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں سرکاری اسکولوں کی سوسائٹی کی جانب سے اونرشپ ہونا بہت ضروری ہے، سول سوسائٹی کے جو بھی لوگ اسکولوں کو بہتر کرنے کے لئے محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں ہم ان کو خوش آمدید کہتے ہیں ہم انڈس ایجوکیشن فائونڈیشن کے ساتھ بھی سندھ کے دیہی علاقوں میں اسکولوں کو بہتر کرنے کی خاطر مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مٹیاری میں آئی اے ایف کے اسکولوں کا آئندہ ماہ دورہ کریں گے۔ اس موقعہ پر انڈس ایجوکیشن فائونڈیشن کے روح رواں امیر ابڑو نے وزیر تعلیم کو اپنے پراجیکٹس کے بارے میں مکمل بریفنگ دی اور بتایا کہ آئی اے ایف اس وقت اپنے وسائل سے مٹیاری اور نوشہروفیروز کے دیہات میں تیس اسکول چلا رہا ہے جہاں پر معیاری تعلیم دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم کم از کم ایک سئو سے زائد اسکول چلانا چاہ رہے ہیں اور کراچی کے دیہی علاقوں میں بھی سرکاری اسکولوں کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر امیر ابڑو نے سردار شاہ کو اپنی حال ہی میں شایع ہونے والی کتاب بھی پیش کی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں