انگریز سامراج تو چلاگیا مگر کالا قانون اور ۔۔ سابق اتحادی جماعت کا لہجہ تلخ ہو گیا

کوئٹہ (آئی این پی) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ انگریز سامراج تو چلاگیا مگر کالا قانون اور کرپٹ لوگ ہم پر مسلط کرگیا۔مہنگائی سے لیکر معیشت کی بدحالی و بیرونی جارحیت دین سے دوری سودی معیشت اور نااہل قیادت کا نتیجہ ہے۔ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام و دیندار قیادت ہے۔ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے حصول کیلئے احتجاج دھرنے کر رہی ہے۔

حکمران طبقے میں سابقہ وموجودہ مافیازشامل ہیں جس کی وجہ سے مسائل میں کمی کے بجائے روزبروزاضافہ ہورہاہے۔حل صرف جماعت اسلامی ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک اور باطل کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑے رہنے کا نام ہے جو چہروں کی بجائے نظام کو بدلنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ دنیا دھوکے کے سامان کے سوا کچھ بھی نہیں ہے اصل کامیابی آخرت کی فلاح و کامیابی ہے۔ موجودہ حکومت نے اپنے وعدوں اور دعووں کو پورا کرنے کی بجائے عوام کو مہنگائی کی سونامی میں غرق، ملک اور اسٹیٹ بینک کو عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے،اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے نااہل اور نالائق حکمرانوں کو چار سال تک سہولتکاری کی اور پارلیمنٹ میں ہر بل کو پاس کروانے میں مدد فراہم کی،

اب یہ لوگ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ایک بار پر مہنگائی مارچ اور عدم اعتماد کا لولی پوپ دے رہے ہیں، زرداری مافیا نے سندھ میں چودہ سالوں تک مسلسل حکمرانی کرنے کے باوجود عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا سوائے اپنی تجوریوں کو بھرنے کے، ایسے نااہل حکمرانوں اور اپوزیشن سے نجات کیلئے اب عوام کو جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کی طرف رجوع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ صوبائی امیر نے ذمے داران پر زور دیاکہ وہ اللہ کے دین کے نمائندے بن کر اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنے کی جدوجہد کو تیز کریں۔ جماعت انبیائے علیہ السّلام کی وارث جماعت ہے ہم نے اپنی اصلاح کے ساتھ دنیا کو بدلنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ پاکستان اسلام کے لیے قائم ہوا مگر بزدل حکمرانوں نے اسلام کو مظلوم اور کشمیریوں کو بے یارو مددگار و بھارت کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔ افغانستان میں دیندار قوتوں کی فتح و بے دین قوتوں کی شکست ہمارے لیے مثالی نمونہ اور حق کی فتح ہے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close