جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ،2ملزمان گرفتارجعلی کھاد سے بھری سینکڑوں بوریاں، کیمیکلز، ڈرم، پرنٹ شدہ خالی بیگز،سلائی مشین برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی)یوریا کھاد کی سمگلنگ کے ساتھ ساتھ جعلی کھاد تیاری کی اطلاعات پرڈیرہ پولیس کاپہاڑ پور کے علاقہ مردان پل میں کرائے کے گھر میں بنائی گئی جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، مصنوعی طریقے سے تیار کردہ جعلی کھاد سے بھری سینکڑوں بوریاں، کیمیکلز، ڈرم، پرنٹ شدہ خالی بیگز،سلائی مشین، اور ڈیجیٹل سکیل برآمد، 2ملزمان گرفتار، مقدمہ درج۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں یوریا کھاد کی مصنوعی قلت کی آڑ میں یوریا کھاد کی غیر قانونی طریقے سے اندرون و بیرون ملک سمگلنگ کی اطلاعات کے ساتھ ساتھ مقامی طور پر جعلی کھاد تیارکر کے مارکیٹ میں سپلائی کی اطلاعات پر ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)نجم الحسنین لیاقت کی نگرانی اور ایس ڈی پی او پہاڑ پور سرکل عالمگیر خان کی قیادت میں ایس ایچ او پہاڑ پور ثمر عباس اور ایس ایچ او بندکورائی عبدالرشید خان نے مشترکہ طور پر علاقہ تھانہ حدود پہاڑ پور میں جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ مردان پل کے قریب ملکیتی عصمت اللہ کے گھر کرایہ داران مسمیان ابراہیم و سعید خان پسران سلطان محمد اقوام کنڈی ساکنائے مردان پل نے مذکورہ گھر میں جعلی کھاد کی فیکٹری لگائی ہوئی تھی،جہاں پر مختلف کیمیکلز کے ذریعے کھاد تیار کرکے مارکیٹ میں سپلائی کی جاتی تھی۔

پولیس نے فوری طور پر چھاپہ زنی عمل میں لاتے ہوئی FFC-DAPاور سرسبز کھاد کے پرنٹ شدہ مختلف کیمیکلز سے تیار شدہ جعلی اور دو نمبر کھاد سے بھرے بالترتیب 97اور 95بیگ جبکہ پرنٹ شدہ خالی 310بیگ برآمد کر لئے۔اس کے علاوہ کھاد تیار کرنے والے کیمیکلز کے 2ڈرم اور 3فل بیگ، اسکے علاوہ 14عدد گیلن،ایک سلائی مشین اور ایک ڈیجیٹل سکیل برآمد کر کے ملزمان مذکورہ بالا کو دھوکہ دہی و دیگر جرائم کے الزام میں گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close