کوئٹہ (آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گلنگور لیویز چیک پوسٹ کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اتوار کے روز نوشکی سے کوئٹہ آتے ہوئے وہ گلنگور چیک پوسٹ پر رکے اور انہوں نے موجود ڈپٹی کمشنر نوشکی کو چیک پوسٹ ختم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گذرنے والی گاڑیوں کو روک کر ان سے لیویز کے رویے کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ اگر کوئی بھی اہلکار چیک پوسٹ پر چیکنگ کے بہانے ان سے رقم طلب کرے تو فوری طور پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کواپنی شکایت سے آگاہ کریں۔
اس اہلکار کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے سریاب روڈ پر جاری توسیع کے منصوبے کا معائنہ کیا جہاں انہیں پراجیکٹ ڈائریکٹر اور کمشنر کوئٹہ نے منصوبے کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سریاب روڈ پر ایک ہوٹل میں رکے اور وہاں چائے پی اس موقع پر علاقے کے لوگ وزیراعلیٰ سے ملاقات کیلئے پہنچ گئے اور وزیراعلیٰ کے ہمراہ تصویریں کچھوائیں اور انہیں اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ کسی بھی وزیراعلیٰ نے عوامی انداز اختیار کرکے اس طرح سڑک پر رکتے ہوئے لوگوں کو قریب بلا کر ان سے مسائل دریافت کئے ہیں۔
چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی،صوبائی وزراء میر محمد خان لہڑی، میر ضیاء لانگو، سینیٹر کہدہ بابر اور سابق کو آرڈینیٹر اعجاز سنجرانی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں