پشاور (آ ئی این پی)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ تبدیلی اور نئے پاکستان کے دعویدار آئی ایم ایف کی بی ٹیم بن چکی ہے اور ان کے اشاروں پر چلتے ہوئے ملک کو تاریخی قرضوں اور عوام کو ہوشربا مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں حلقہ پی کے59اور60کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے الگ الگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سکندر شیرپاؤ نے شہید لیڈر کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیات محمد خان شیرپاؤ کی آنے والی برسی کو انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائیں گے۔انھوں نے کہا کہ شہید قائدنے پختونوں میں سیاسی شعور اجاگر کرنے سمیت ان کو اس قابل بنایا کہ وہ اپنے حقوق کیلئے کردار ادا کرسکے۔انھوں نے کہا کہ شہید قائد کی زندگی خدمت سے عبارت ہے اور انھوں نے اپنی زندگی پختونوں کے بہبود اور صوبہ کی ترقی کیلئے وقف کر رکھی تھی۔قومی وطن پارٹی کے رہنماء نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نئے پاکستان اور تبدیلی کے حوالے سارے کے سارے دعوے دھرے دھرے رہ گئے اور انھوں نے پرانے پاکستان کا حلیہ بگاڑ کر ملک وقوم کو تمام سطحوں پر مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے،بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا جبکہ دس ملین نوکریاں تودور کی بات حکومت نے لاتعداد لوگوں کو بے روزگار کردیا۔
انھوں نے کہا کہ تبدیلی سرکارکے پاس عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوئی پالیسی نہیں جبکہ آئے روز پٹرولیم،بجلی و گیس،ادویات اور اشیائے خورد و نوش کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنائی جا رہی ہے۔سکندر شیرپاؤ نے نوشکی اور پنجگور واقعہ کی مذمت کی اور اسے انتہائی بزدلانہ فعل قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی و بے روزگاری ختم کرنے سمیت امن و امان کے قیام میں بھی بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں