سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بم کی جھوٹی اطلاع، پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، اطلاع دینے والے نے اپنا نام کیا بتایا؟

کراچی(آئی این پی)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بم کی غلط اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مکمل سرچنگ کے بعدعمارت کلیئر قرار دے دی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے قریب آرام باغ میں بم کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو طلب کرلیا گیا۔

پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچنگ کی گئی، اس دوران سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے تمام غیرمتعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیا اور وکلا کو اندر جانے سے روک دیا ہے جبکہ سپریم کورٹ انفارمیشن کاؤنٹر بھی بند کردیا گیا ہے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مکمل سرچنگ کیبعدعمارت کلیئر قرار دے دیا، بی ڈی ایس نے بتایا صبح 11بجکر40منٹ پر بم کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد بی ڈی یوکی خصوصی ٹیم کے نائن ٹیم سرچنگ کیلئے پہنچی اور پونے گھنٹے تک مسلسل عمارت کو سرچ کیا گیا،عمارت کو چپے چپے کی تلاشی لینے کے بعد کلیئر قرار دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کسی نے شرارت یاخوف پھیلانے کیلئے غلط اطلاع دی ہو۔ایس پی صدر زاہدہ پروین نے بتایا کہ کچھ دیرقبل 15 پرسپریم کورٹ میں بم کی اطلاع ملی تھی، کال موصول ہونے کے بعد سپریم کورٹ ٹیمیں بھیجی گئیں۔

زاہدہ پروین کا کہنا تھا کہ 15پر موصول کال کوسنا گیا کالر نے اپنا نام قائداعظم محمدعلی جناح بتایا، ریکارڈنگ سننے پر معلوم ہوا ہے کالر کا دماغی توازن ٹھیک نہیں، کالر کو ٹریس کرنے کیلئے تکنیکی ٹیم کام کررہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close