پشاور(آئی این پی)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گاڑیوں کی چھتوں پر طلبا کو بٹھانے پر 56 ڈرائیوروں کیخلاف کارروائی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم کی جانب سے شہر کے مختلف سیکٹرز میں گاڑیوں کی چھتوں پر طلبا کو بٹھانے کی پاداش میں ڈرائیوران پر جرمانے عائد کئے۔ ایجوکیشن ٹیم کی جانب سے طلبا کو گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے سے گریز کرنے اور اس سے ہونے والے نقصانات سے متعلق آگاہی بھی دی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس کے حکام کو گاڑیوں کی چھتوں پر سواریاں خاص کر طلبا کو بٹھانے کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہری بھی گاڑیوں کی چھتوں پر بیٹھنے سے گریز کریں کیونکہ یہ کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے جبکہ شہریوں اور طلبا کو گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھانے والے ڈرائیوروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کیساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ کارروائیوں میں مزید تیزی لائیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں