پشاور(آئی این پی)لاہور، افغانستان اور پشاور کے رہائشیوں پر مشتمل چار رکنی تالہ توڑ گروپ کو بے نقاب کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان میں سے ایک کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان، ایک لاہور جبکہ دو کا تعلق پشاور سے ہے جو شہر کے پوش رہائشی علاقہ حیات آباد اور ملحقہ علاقوں میں گھر مالکان کی غیر موجودگی میں تالے توڑ کر گھروں سے طلائی زیورات، نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیا چوری کرنے میں ملوث ہیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا سمیت اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حیات آباد پولیس کو اطلاع ملی تھی چند مشکوک افراد حیات آباد کے گھر کا تالہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر ایس ایچ او تھانہ حیات آباد نورحیدر نے فوری موقع پر پہنچ کرنہایت حکمت عملی کیساتھ چار مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت قوت خان ولد خان محمد، عباس ولد زیارت گل، شہزاد ولد مشتاق اور گل وزیر ولد لعل بت کے ناموں سے ہوئی ہے، گرفتار ملزمان کا تعلق افغانستان، لاہور اور پشاور کے مختلف علاقوں سے ہے جو منظم نقب زن اورچور گروہ کے کارندے ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے، ملزمان کے قبضے سے ابتدائی طور پر مسروقہ طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا سمیت اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں