کورونا سے متاثرہ تعلیمی اداروں کو کتنے دن کیلئے بند کیا جائے؟ نئی پالیسی کا اعلان کر دیا

پشاور(آ ئی این پی)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آئیں،ان تعلیمی اداروں کو صرف 7 دنوں کے لئے بند کیا جائے اور اس ضمن میں محکمہ تعلیم کی جانب سے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے،یکم فروری سے جاری کورونا ویکسین مہم میں بارہ سال سے زائد عمر کے تمام بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے۔

جس کے لیے تمام نجی اور سرکاری سکول سربراہان کو پہلے سے ہی مراسلے جاری کیے جا چکے ہیں اور ہدایت کے مطابق کم ویکسینیشن والے سکولوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ منگل کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری تعلیم یحییٰ اخونزادہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز، ڈائریکٹرتعلیم حافظ محمد ابرہیم اور محکمہ صحت و تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے محکمہ کے افسران سے کہا کہ تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا تاہم کورونا سے متاثرہ سکولوں کو سات دنوں کیلئے بند کر کے تعلیمی سرگرمیوں کے لیے دوبارہ کھولا جائے گا۔ انھوں نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور سکول سربراہان کو ایس او پیز پر سحتی سے عمل درآمد کرنے اور طلباء و طالبات کو ویکسینیشن کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے محکمہ صحت کے حکام کو صوبے کے تمام اضلاع کے نجی اور سرکاری سکولوں میں کورونا ٹسٹنگ کی تعداد کو بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کو ڈائریکٹر ایجوکیشن نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ابھی تک پورے صوبے میں کورونا کیسز کی وجہ سے 48 تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے۔ جن میں 18 میل اور 30 فیمیل سکول شامل ہیں۔

جبکہ ابھی تک 306 اساتذہ اور 630 طلباوطالبات کورونا سے متاثر ہیں۔محکمہ صحت کے حکام نے بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم کو بتایا کہ 21 لاکھ 66 ہزار آٹھ سو نجی اور سرکاری سکولوں کے طلباء وطالبات جن کی عمر 12 سال سے زائد ہے کی تقریبا 55 فیصد ویکسینیشن مکمل کی گئی ہے جبکہ نجی اور سرکاری سکولوں کے تقریبا 82 فیصد ملازمین کی ویکسینیشن بھی مکمل ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ پورے صوبے کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا کی صورتحال کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ اور تعلیمی اداروں کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے فعال کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اور ضلعی انتظامیہ کے بھرپور تعاون کی بدولت صورتحال پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close