اتحادی جماعت کے اہم رہنما کی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

کراچی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام پر ظلم اور زیادتی کی تمام حدیں پار کر چکی ہے۔ سندھ کی عوام کے لئے مایوسی کا وقت اب ختم ہو چکا ہے، پاکستان تحریک انصاف اب سندھ کے عوام کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے میدان میں آچکی ہے۔ 26فروری کو گھوٹکی سے کراچی مارچ میں سندھ کے عوام بڑی تعداد میں شرکت کر کے سندھ حکومت کو واضح پیغام دیں گے کہ اب وہ اب مزید سندھ حکومت کی ظلم اور زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر علی زیدی نے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر غلام رضا چنہ سے کراچی میں ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر غلام رضا چنہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی نے گھوٹکی سے تعلق رکھنے ڈاکٹر غلام رضا چنہ کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور روایتی مفلر پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ملاقات میں گھوٹکی سے کراچی مارچ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔علی زیدی نے مزید کہا کہ عمران خان کے وڑن سے متاثر ہو کر سندھ سے سیاسی رہنما جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔پی ٹی آئی سندھ کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، علی زیدی نے کہا کہ 2023 میں پی ٹی آئی سندھ حکومت بنائے گی۔ بہت جلد سندھ کے عوام کو زرداری مافیا سے نجات دلوائیں گے۔گھوٹکی سے کراچی مارچ سندھ کے حکمرانوں کی نیندیں اڑا ڈے گا۔

دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی نے یوتھ ونگ کے سابقہ عہدیداران سے ملاقات کی اور یوتھ ونگ کی از سرنو تنظیم سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے عہدیداران کو گھوٹکی سے کراچی مارچ میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ہر تحریک میں پارٹی کے نوجوان کارکنان نے ہمیشہ اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ سندھ حکومت کے کالے قانون کے خلاف احتجاج میں نوجوان عوام کو متحرک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بلدیات کے کالے قانون کے خلاف سندھ کا ہر شہری سراپا احتجاج ہے، ہم کسی ترمیم کے حق میں نہیں، ہمارا مطالبہ اس کالے قانون کا خاتمہ اور آئین کے آرٹیکل 140Aکے تحت با اختیار بلدیاتی نظام کی بحالی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں