پولیس نے 2ماہ قبل ہونے والے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، مقتول کا اپنا سگا بھائی نکلا، وجہ کیا پتہ چلی؟

ڈیر ہ اسماعیل خان(آئی این پی)صدرپولیس نے 2ماہ قبل ہونے والے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، واردات کا مرکزی کردار مقتول کا اپنا سگا بھائی نکلا،جائیداد کے تنازعہ پر بھائی کو قتل کیا، ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد۔تفصیلات کے مطابق 11نومبر2021کو تھانہ صدر کی حدود ہمت ٹی بند دریائے سندھ پر ایک نامعلوم نوجوان کی قتل شدہ نعش ملی تھی جس کی شناخت سکندر ولد چوہدری علی حسن قوم راجپوت سکنہ مجاہد نگر ڈیرہ سٹی کے نام سے ہوئی تھی۔ تھانہ صدر پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

ڈی ایس پی صدر سرکل حافظ عدنان خان کی قیادت میں پولیس نے اس قتل کو چیلنج سمجھتے ہوئے دن رات کی انتھک کوششوں اور جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر اس اندھے قتل کی تفتیش کی اور آخر کار اس اندھے قتل کے مرکزی کردارعبداللہ ولد علی حسن قوم راجپوت سکنہ مجاہد نگر ڈیرہ سٹی جو کہ مقتول سکندر کا حقیقی بھائی ہے کو بے نقاب کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتار قاتل بھائی سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل پستول تیس بور بھی برآمد کر لیا۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے جائیداد کے تنازعہ پر اپنے ہی حقیقی بھائی کے خون سے ہاتھ رنگے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close