تمام نجی سکولوں کو12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کرانے کا حکم،عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی، خبردار کر دیا گیا

پشاور(آ ئی این پی)خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے میں کوئی بھی تعلیمی ادارہ بند نہیں کیا جا رہا درس وتدریس کاعمل جاری رہے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام نجی سکولز 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن مکمل کریں جس کے لئے باقاعدہ مہم یکم فروری سے شروع ہورہی ہے اور اس میں سکول اور محکمہ تعلیم کے تمام افسران ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

یہ ویکسینیشن مہم 15 فروری تک جاری رہے گی جب کہ وہ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے جنہوں نے 16فروری تک اپنے طلباء و طالبات کی 99 فیصد ویکسینیشن مکمل نہ کی ہو ان تعلیمی اداروں کو این سی او سی کے گائیڈ لائنز کے مطابق بند کر کے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے مزید کہا ہے کہ کرونا وبا کے پیش نظر بچوں کا بڑا قیمتی وقت ضائع ہوچکا ہے اب ہمیں احتیاط اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل پیرا ہوکر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنی ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن، ایم ڈی پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی اور تمام ضلعی ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن مہم کی مکمل نگرانی کے ساتھ ساتھ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ نے وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریگولر بنیادوں پر نجی اور سرکاری سکولوں کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔

جبکہ یکم فروری سے شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم کے لیے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پیشگی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جن طلبا و طالبات کا فارم ب ابھی تک نہیں بنا ان کے سکولوں کے نام پر بچوں کے تصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھیج دیئے جائیں گے۔اس موقع پر محکمہ تعلیم کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم کو بتایا کہ ٹوٹل 21 لاکھ 66 ہزار 8 سو طلباء و طالبات میں سے 11لاکھ 38ہزار 7سو تین طلباء وطالبات کو ویکسین لگ چکی ہے جوکہ تقریباً 53فیصد ہے جبکہ یکم فروری سے شروع ہونے والی مہم میں باقی 47 فیصد بچوں کی ویکسینیشن ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close