پولیس شہداء کے خاندانوں کے2 افراد کو ملازمت دینے کی اصولی منظوری دیدی گئی

لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس کو کام کرنے کی پوری آزادی دی ہے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پولیس سیاسی دباؤ سے آزاد ہو کر فرائض سرانجام دے رہی ہے جس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں،پولیس میں میرٹ پر تعیناتیاں کی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پیر کو سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ سنٹرل پولیس آفس آمد پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پولیس کے چاق و چونبد دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنٹرل پولیس آفس کے لان میں پودا لگایا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس میوزیم کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس میوزیم میں رکھی اشیاء خصوصاً قدیم اسلحے، یونیفارمز اور میڈلز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے برٹش دور کے ہتھیاروں اور پولیس وردیوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنٹرل پولیس آفس میں سینئر پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو کام کرنے کی پوری آزادی دی ہے اور پولیس کو سیاسی دباؤ سے مکمل آزاد کیا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پولیس سیاسی دباؤ سے آزاد ہو کر فرائض سرانجام دے رہی ہے جس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں میرٹ پر تعیناتیاں کی ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس افسران کو باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران عوام اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کو بھی جواب دہ ہیں۔ہر مظلوم شخص کی فوری دادرسی آپ کا فرض اولین ہے۔
پولیس افسران اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں۔ ڈی پی اوز اور آرپی اوز تھانوں کے سرپرائز وزٹ کریں اور کسی بھی بے ضابطگی یاقانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ انارکلی دھماکے کے ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کے 2 افراد کو ملازمت دینے کی اصولی منظوری کا اعلان کرتا ہوں تاہم اس ضمن میں قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھ کر مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا۔ سیف سٹی اتھارٹی میں بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بلوچ لیوی کی کمانڈ پولیس کے حوالے سے کردی ہے اور پولیس کے 9 ہزار سے زائد اہلکاروں کو پروموٹ کیا گیا ہے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close