لاہور(آئی این پی)ہر شہری کیلئے فری ماسک،بزدار حکومت کا شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے ایک اور احسن اقدام، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہریوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم کا افتتاح کردیا۔ جمعرات کو وزیراعلیٰ آفس میں فری ماسک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو ان کے محکموں کے افسروں اور عملے کیلئے ماسک دیئے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی ماسک کورونا اورسموگ سے بچاؤ کیلئے مؤثر ثابت ہوں گے۔ماسک کا استعمال ہر شہری کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک پہننا ضروری ہے۔ پہلے فیز میں لاہو ر کے منتخب علاقوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے۔مرحلہ وار لاہوراورپورے پنجاب میں فری ماسک تقسیم کئے جائیں گے۔سکولوں کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر فری ماسک مہیا کیے جائیں گے۔عوام کو کورونا کی نئی لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک اورسماجی فاصلہ ناگزیر ہے۔پنجاب کے ہر شہری کو واش ایبل کورونا ماسک مہیاکریں گے۔پوسٹ آفس کے ذریعے گھر گھر تک ماسک پہنچائے جائیں گے اور ماسک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے چیک پوائنٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلباء کو آگاہی مہم کے لئے انٹرن شپ آفر کریں گے۔ فری ماسک آگاہی مہم کیلئے مذہبی سکالرز،فنکار اوردیگرعوامی شخصیات فلیگ مارچ بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ امریکن کلودنگ برینڈ ہینس برینڈ ان کارپوریشن کافری ماسک فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،کمشنر لاہور کی فری ماسک مہم قابل تقلید ہے۔ چیف سیکرٹری کامران افضل نے کہا کہ ماسک پہننے کی عادت کو پھر اپنانا ہوگا۔ لاہور اورگرد و نواح کے شہریوں کے لئے 2کروڑ واش ایبل ماسک پہنچ گئے۔ امریکی پرائیویٹ کلودنگ فرم نے واش ایبل ماسک کے 10کنٹینر عطیہ کیے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افسران میں شیلڈیں بھی تقسیم کیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہور ڈویژن اورمتعلقہ حکام بھی اس موجود تھے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں