اسلام آباد ٹریفک پولیس میں تعینات اے ایس پی عائشہ گل کی ایس پی کے عہدے پر ترقی

اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد ٹریفک پولیس میں تعینات اے ایس پی عائشہ گل کی ایس پی کے عہدے پر ترقی،44 کامن میں پاس آؤٹ ہونے والی اے ایس پی،ٹریفک سے قبل بطوراے ایس پی مارگلہ، اے ایس پی کوہسار،اور ایف سی میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ِایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد مظہر اقبال نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس میں ان کی خدمات کو یاد رکھا جائیگا ۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں ترقی پانے والے افسران کو رینک لگانے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈی آئی جیز،اے آئی جیز،ایس ایس پیز،ایس پیزاورترقی پانے والے افسران نے شرکت کی،آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے ایس پی عائشہ گل کو اے ایس پی سے ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے پر رینک لگائے، ان کومبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، ان کی خدمات خیبر پختونخواہ کے سپرد ہونے پر اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔آئی جی اسلام آباد نے ایس پی عائشہ گل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملنے والی نئی ذمہ داریوں پر زیادہ محنت اور لگن سے خدمات سر انجام دیں یہ آپ کی محنت اور کاوشوں کے صلہ ہے کہ اللہ تعالی نے آپ کو اس مقام پرپہنچایا ہے اب آپ کو پہلے سے زیادہ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں،

آپ اس عہدے پر اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیتے ہوئے اپنے محکمہ کی نیک نامی کا باعث بنیں اور محکمہ پولیس کی ویلفیئر، شہریوں کوانصاف اور میرٹ کی فراہمی کو اپنااولین شعار بناتے ہوئے آسانیاں پیدا کرنے کا باعث بنیں، میں امید کرتا ہوں کہ آپ ہمیشہ کی طرح خوش اخلاقی، دلجمعی، نیک نیتی، اور لوگوں کی مدد کے جذبے سے سرشار ہو کر فرائض انجام دیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close