گھوٹکی سے کراچی مارچ کے سلسلے میں پارٹی رہنماوں اور سیاسی شخصیات سے رابطے تیز

کراچی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی نے 27فروری کو گھوٹکی سے کراچی مارچ کے سلسلے میں پارٹی رہنماؤں اور سیاسی شخصیات سے رابطے تیز کردیے۔ وفاقی وزیر علی زید ی نے پی ٹی آئی رہنماوں سابق وزیر اعلیٰ سندھ غوث علی شاہ، سابق صوبائی وزیر آغا تیمور اور جی ڈی اے رہنما غلام مصطفی جتوئی سے کراچی میں ملاقاتیں کیں۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے 27فرور ی کو گھوٹکی سے کراچی مارچ کے حوالے سے رہنماوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ 27فروری کا مارچ سندھ کے نا اہل حکمرانوں کے ایوانوں میں ہل چل مچا دے گا۔ سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کے خاتمے تک یہ تحریک جاری رہے گی۔ اس کالے قانون کے خاتمے کے لئے ہر آپشن استعمال کریں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ سندھ کے عوام زرداری مافیا کے خلاف اپنے گھروں سے نکلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرداری مافیا نے سندھ کے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، اب ہم بھی سندھ کے حکمرانوں کو سکھ کا سانس نہیں لینے دیں گے۔ ان کا بنایا ہوا بلدیات کا کالا قانون انہی کو لے ڈوبے گا۔ 27فروری کو سندھ کے عوام بڑی تعداد میں گھوٹکی سے کراچی مارچ میں شریک ہونگے۔

سندھ سے زرداری مافیا کے خاتمے تک سندھ کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ درین اثنا، پی ٹی آئی سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی سے ان کے دفتر میں کراچی کی تاجر برادری کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں تاجر رہنما زبیرموتی والا، جاوید بلوانی، فیصل معیز، ادریس گی گی، سلیم پاریکھ، عامر لاری، نثار احمد، عبد الرشید اور سجاد وزیر، پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی ریاض حیدر، ارسلان تاج اور سدرہ عمران موجود تھے۔وفاقی وزیر علی زیدی نے تاجر برادری کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ علی زیدی نے کراچی کی ترقی میں تاجر برادری کے کردار کو بھی سراہا۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی کی تاجر برادری ملک کی ریڑھ کی ہدی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کراچی ملک کا معاشی حب تاجر برادری کی وجہ سے کہلاتا ہے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کراچی کی تاجر برادری نے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان بھی کراچی کی تاجر برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کو وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھوں گا، ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close