بلاول بھٹو پر اعتماد، برادریوں اور رہنماؤں کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

کراچی (آئی این پی)صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کے دلو پر راج کرتی ہے ہم شہروں پر نہیں عوام کے دلوں پر قبضے پر یقین رکھتے ہیں ماضی میں شہر پر اپنا قبضہ جمائے رکھنے والوں نے عوام کو لاشوں اور لاقانونیت اور نفرت کا تحفہ دیا اب عوام اُن کا کوئی حربہ کامیاب نہیں ہونے دینگے پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں گھر کرچکی ہے انشا اللہ شہر قائد کا اگلا میئر چیئر مین بلاول بھٹو کا نامزد کردہ جیالا ہوگا جو شہید بھٹو اور شہید رانی کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے شہر کراچی میگا میٹروپولیٹن سٹی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا ئے گا۔

اتوار کر شاہ فیصل کالونی کے سینکڑوں سیاسی کارکنان اور مختلف برادریوں کے معززین نے چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا،عظیم پورہ شاہ فیصل کالونی میں عظیم الشان شمولیتی جلسہ عام سے پی پی پی سندھ کے صدر وقار مہدی،کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و صوبائی وزیر شہلا رضا، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ایم آصف خان،شکیل چوہدری،ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ،سیکریٹری اطلاعات جانی میمن،شعبہ خواتین ڈسٹرکٹ کورنگی کی صدر روہینہ ابرار سٹی ایریاPS-120کے صدر عبدالرحمن باجوہ نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر سٹی ایریاز،یوسیز،پیپلز یوتھ،پی ایس ایف،شعبہ خواتین،سٹی ایریاز،یوسیز کے عہدیداران و کارکنان کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔جلسہ عام میں مسلم لیگ(ن)،پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیدران اور مختلف برادریوں کے معززین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سعید غنی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ شہر کراچی کی عوام لاشوں اور نفرتوں کی سیاست کرنے والوں کا بوریا بستر گول کرچکے ہیں،شہر کو نفرت اور عصبیت کی سیاست کے ذریعے اپنی سیاسی دوکان چمکنانے والوں نے شہر کراچی کو تباہ اور عوام کو مسائل سے دو چار کرکے رکھ دیا سعید غنی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت شہر کراچی میں میگا پروجیکٹس پر کام جاری رکھے ہوئے صرف ضلع کورنگی میں اربوں کے عوامی ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا گیا اور متعدد پر اب بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی یکساں بنیادوں پر شہر کراچی کے تمام علاقوں کو ترقی دینے پر یقین رکھتی ہے انشا اللہ کراچی کی عوام بہت جلد شہر کی ترقی اور اپنے مسائل کے حل کے حوالے سے شہر میں بڑی تبدیلی کو محسوس کرینگے۔

جلسہ عام سے پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہا آئندہ لیکشن میں پیپلز پارٹی کراچی سے کلین سوئپ کرے گی، تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے آنے والا دورہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوام کا ہوگا چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت میں عوام کو محرمیوں سے چھٹکارہ اور پاکستان کو دنیا کا سپر پاور بنا ئیں گے پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر مہنگائی کا خاتمہ اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریگی۔ وقار مہدی نے کہاکہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جو عوامی خوشحالی پر یقین رکھتی ہے جب عوام خوشحال ہونگے تو ملک خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک گیم چینجر ہے اسے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے شروع کیا تھا اور انشا اللہ چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت میں اسے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اب شہر کراچی کی عوام لسانیت اور مذہبی انتہا پسندی کی سیاست کو خیر باد اور پیپلز پارٹی کے پرچم تلے متحد ہورہے ہیں،انشا اللہ متحد ہوکر شہر کی تعمیر و ترقی کو جاری رکھا جائے گا، وقار مہدی نے مختلف سیاسی جماعتوں اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے عہدیدران اور معززین کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close