بجلی، سوئی گیس کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ، تاجروں نے دفاتر کے گھیراؤ اور دھرنے کی دہمکی دے دی

ڈیرہ اسماعیل خان(آئی این پی) واپڈا، سوئی گیس کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ،صفائی کی ابتر حالت کیخلاف مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے دفاتر کے گھیراؤ اور دھرنے دینے کا عندیہ، مرکزی انجمن تاجران کا اجلاس شہر میں انارکی کی صورتحال پر عوام اور تاجروں کا کوئی پرسان حال نہیں، عوامی نمائندوں و افسر شاہی کا قبلہ درست کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجران کا اجلاس زیر صدارت راجہ اختر علی منعقد ہوا۔ اجلاس میں سٹی میئر کے امیدوار کفیل احمد نظامی، سہیل احمد اعظمی، حاجی محمد رمضان، چوہدری جمیل احمد، قاری اعجاز فاروقی، حاجی محمد نواز، چوہدری جاوید، حاجی غلام سبحانی، محمدسعید اعوان،حاجی امان اللہ، محمد ذیشان، محب اللہ، حاجی محمد اشرف، سالار رمضان و دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں موسم سرما میں واپڈا، سوئی گیس کی ناروا لوڈ شیڈنگ کو ڈیرہ کی عوام، تاجروں کا معاشی قتل قرار دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایک طرف تاجروں اور عوام پر ٹیکسوں، نوٹسز کی بھرمار،پوائنٹ سیل سسٹم لگانے کی بات ہورہی ہے تو دوسری طرف عوام فاقوں پر مجبور ہے۔ لوگ اپنا زیورو گھریلو استعمال کی اشیاء فروخت کرکے واپڈا اور سوئی گیس کے ناجائز جرمانے ادا کر رہے ہیں۔ بجلی کے جرمانے جو متعلقہ مقامی افسران، وفاقی محتسب اور صارف عدالتوں سے فیصلہ ہوکر حتمی معافی کیلئے ایس ای بنوں دفتر بھجوائے جاتے ہیں وہاں پر 3ماہ سے متعلقہ افسران کی ناہلی اور دستخط نہ کرنے کے باعث تاخیر کا شکار چلے آرہے ہیں اور غریب صارفین دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ واپڈا پیسکو کے مقامی شکایتی دفاتر میں عملہ نہ ہونے اور بیشتر شکایات دفاتر میں ٹیلی فون کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا اور پیسکو کیخلاف نفرت و مایوسی پھیل رہی ہے۔ شہر میں آئے روز بڑھتے ہوئے جرائم کے باعث امن و امان کی صورحال مخدوش جبکہ بازاروں اور شہر کے گلی محلوں میں صفائی صورتحال بھی ناگفتہ بہ ہے،سٹریٹ لائٹس نہیں ہیں، افسران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں۔

تاجررہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو متعلقہ دفاتر کے گھیراؤ کے ساتھ ساتھ ان دفاتر کے باہر دھرنے دینا ہمارا آخری قدم ہوگا۔ تاجروں نے ایف بی آر کی جانب سے پوائنٹ آف سیل سسٹم کو ڈیرہ میں شروع کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ملک بھر کے تاجروں نے اسے مسترد کیا ہے، اگر زبردستی کی گئی تو ایف بی آر دفتر کا بھی گھیراؤ کرینگے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں