پی ٹی آئی میدان میں آ گئی،27 فروری کو گھوٹکی سے کراچی تک عوامی مارچ کرے گی

کراچی(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ووفاقی وزیر علی زیدی نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی 27 فروری کو گھوٹکی سے کراچی تک عوامی مارچ کرے گی، اٹھارہویں ترمیم میں اختیارات کی باتیں کرنے والے وزیراعلی سندھ خود اختیارات چھین رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ صاحب ایک مافیا کے رکن ہیں جس کا گاڈ فادر آصف زرداری ہے،یہ حکومتوں میں رہنے کے باوجود بھی بی بی شہید کے قاتلوں کو نہیں پکڑ سکے۔ پیپلز پارٹی سے بڑا جمہوریت پر ڈاکہ ڈالنے والا کوئی نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر میاں محمد سومرو، سابق وزیر اعلی ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، سینئر رہنما امیر بخش بھٹو، سندھ کے جنرل سیکریٹری مبین جتوئی، پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار، جنرل سیکریٹری سیف الرحمن، اراکین اسمبلی لال مالہی، سینیٹر سیف اللہ ابڑو، ارسلان تاج، سدرہ عمران، ڈاکٹر سنجے اور دیگر موجود تھے،سندھ کی صدارت ملنے پر چیئرمین عمران خان کا کر گزار ہوں۔

سندھ حکومت کالا قانون لائی ہے، یہ ہمیں 18 ویں ترمیم اور جمہوریت کا سبق سکھاتے آئے ہیں۔ آج ساڑھے تین سال ہوگئے، نیشنل اسمبلی میں یہ کئی کمیٹیوں کے ممبر اور چیئرمین ہیں۔ انہوں نے سندھ میں اپوزیشن کے کسی ممبر کو کمیٹی کا چیئرمین تو دور کسی بھی کمیٹی میں ممبر بھی نہیں رکھا۔ ان سے بڑا جمہوریت پر ڈاکہ ڈالنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کراچی نہیں بلکہ پورے سندھ کے عوام سے مخاطب ہوں، یہ سندھ کے لوگوں کے تمام حقوق کھا جائیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ ہر ڈویڑن کی الگ اتھارٹی بنائیں گے، جیسے کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی۔ اٹھارہویں ترمیم کی باتیں کرنے والے وزیر اعلیٰ صاحب خود اختیارات چھین رہے ہیں۔ علی زیدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ صاحب ایک مافیا کے رکن ہیں جس کا گاڈ فادر آصف زرداری ہے،یہ حکومتوں میں رہنے کے باوجود بھی بی بی شہید کے قاتلوں کو نہیں پکڑ سکتے۔

یہ بی بی شہید کی برسی پر ناچ گانا کرتے ہیں،یہ جمہوریت سے پہلے انسانیت سیکھ لیں۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ بلاول زرداری کہتے ہیں کہ میں 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد مارچ کریں گے میں اعلان کرتا ہوں کہ میں 27 فروری کو سندھ کے عوام کے ساتھ گھوٹکی سے کراچی مارچ کروں گا۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ ان سے نالے صاف نہیں ہوئے، کچرا ان سے اٹھایا نہیں جاتا یہ صرف باتیں کرتے ہیں۔ یہ کے سی آر نہیں ٹھیک کر سکے، کے فور کا منصوبہ وفاق بنا رہا ہے۔ یہ کتے کے کاٹے کی ویکسین نہیں دے سکتے، یہ کورونا کی ویکسین کیا دیں گے۔ علی زیدی نے کہا کہ شرجیل میمن کی شہد کی بوتلیں بنانے والے کو پروموشن دے دیا گیا ہے، کراچی ملک کا معاشی حب ہے، کراچی کو اگر ورلڈ کلاس شہر نہیں بنایا تو سندھ کا نظام ٹھیک نہیں ہو سکتا۔ پی ٹی آئی 27 فروری کو ہی گھوٹکی سے کراچی مارچ کرنے جارہے ہیں۔ قبل ازیں کہ وفاقی وزیر علی زیدی کی زیر صدارت سندھ ایڈوائزری کونسل کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر میاں محمد سومرو، سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ، سینئر رہنما امیر بخش بھٹو، جنرل سیکریٹری سندھ مبین جتوئی، سینیٹر سیف اللہ ابڑو، پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان موجود تھے۔ اجلاس میں صدر کراچی بلال غفار، جنرل سیکریٹری سیف الرحمن، ایم پی اے ارسلان تاج، ایم پی اے سعید آفریدی، ایم پی اے سدرہ عمران، ایم پی اے ڈاکٹر سنجے، علی پلھ، اللہ بخش انڑ، ایم این اے لال مالہی، طاہر شاہ بھی شریک ہوئے۔ پی اے سی کے اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاج سمیت مختلف آپشنز پر بھی مشاورت کی گئی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں