اوپن یونیورسٹی، پلانٹ فار پاکستان مہم، چار لاکھ پنیریاں، 10اقسام کے پانچ ہزار گلاب کے پودے لگانے کا منصوبہ

اسلام آباد (آئی این پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے” پلانٹ فار پاکستان مہم ” کے تحت موسم بہار کی شجر کاری شروع کردی ہے، حکومتی عزم ‘ سرسبز اور آلودگی سے پاک پاکستان ‘ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے، طلباء و طالبات کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹی کے احاطے میں چار لاکھ پنیریاں اور 10اقسام کے پانچ ہزار گلاب کے پودے لگائے جارہے ہیں “ان خیالات کا اظہار شعبہ زرعی سائنسز کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے موسم بہار کی شجر کاری کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی خصوصی ہدایت پر شعبہ باغبانی نے یونیورسٹی کو پھولوں اور پودوں سے سجادیا ہے جس کی وجہ سے یونیورسٹی نے دنیا کی 500سرسبز ترین جامعات میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور گل داؤدی کی نمائش میں بھی ہر سال پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا ریکارڈبرقرار رکھا ہے۔ چار لاکھ پنیریوں میں پیٹونیا، انٹریتم، پیتری، سالویا، رینکوس اور گل اشرفی کی پنیریاں شامل ہیں، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی نے یہ سب پنیریاں اپنی ہی نرسری میں تیار کی ہیں جبکہ گلاب کے پودے باہر سے منگوائے گئے ہیں جن میں انگلش گلاب، خوشبودار گلاب اور آئس برگ گلاب شامل ہیں۔یونیورسٹی کی نرسری میں تین مالی جن میں محمد منظور، تنویر حسین اور شہزاد سلیم شامل ہیں اِن پنیریوں، پودوں اور پھولوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں جبکہ باقی مالی اِن پنیریوں کو لگانے اور یونیورسٹی کو پھولوں اور پودوں سے سجانے میں مصروف عمل رہتے ہیں۔

مزید برآں یونیورسٹی نے بارش کے پانی کو استعمال کرکے گراؤنڈ واٹر ریچارج کے تین منصوبے تیار کئے ہیں جوکہ PCRWRاور سی ڈی اے کی مدد سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ اس سے بارشوں کا پانی ضائع ہونے سے بچ جائے گا اور زمینی پانی کے لیول میں اضافہ ہوگا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں