لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقدہوا،وائس چیئرمین ایل ڈی اے نعیم الحق، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور ڈی جی ایل ڈی اے نے اجلاس میں شرکت کی-اجلاس میں لاہور کینال پر ٹھوکر نیازبیگ سے جلو تک ٹرام چلانے کے منصوبے کی فزیبلٹی کا جائزہ لیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ لاہور میں پاکستان کی سب سے پہلی الیکٹرک ٹرام چلانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ٹرام پراجیکٹ ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک چلانے کی تجویز ہے-
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کی فزیبلٹی کو جلد حتمی شکل دے کر مزید اقدامات کئے جائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ لاہور میں اربوں روپے کے فلاحی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔ لاہورکی ترقی بے حد عزیز ہے۔لاہور کے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا ویژن ہے-لاہور کے شہریوں کیلئے ہر طرح کی سہولتوں کو بہتر بنائیں گے۔اربوں روپے کے منصوبوں سے لاہورشہر کو اس کا حق دیا ہے۔فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بیڈ کا جنرل ہسپتال بنائیں گے اورنیا ہسپتال ارفع کریم ٹیکنالوجی ٹاور کے قریب ایل ڈی اے کی 124 کنال اراضی پر بنایا جائے گا-انہوں نے کہاکہ لاہور کوسابق دورحکومت کے تیسرے سال میں اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے بجٹ کو نکال کر 67ارب کی لاگت کے پراجیکٹ دیئے گئے۔
ہم نے اپنے تیسرے سال میں لاہور کو 86ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے دیئے ہیں۔ماضی میں لاہور سمیت بعض شہروں میں بغیر سوچے سمجھے اور بغیر پلاننگ کے منصوبے شروع کئے گئے۔عوام کی ضروریات کا تعین کئے بغیر ان منصوبوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔نمائشی منصوبوں کے باعث صوبے کے خزانے پر بے پناہ بوجھ پ ڑا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت منصوبے بنائے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں