پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل، گریڈ ایک سے سات کے ملازمین بحال

اسلام آباد(آئی این پی)سپریم کورٹ کی طرف سے ملک بھر کے مختلف سرکاری اداروں سے نکالے گئے 16ہزار ملازمین کی بحالی کے احکامات کے بعد پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے متاثرہ ملازمین کو بحال کر دیا۔پی اے آر سی نے ادارے سے نکالے گئے تمام گریڈ 1 سے 7 تک کے 7 ملازمین کی بحال کیا۔ملازمین کی نمائندہ تنظیم ایپارک نے ملازمین کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل سپریم کورٹ نے از خود نوٹس کے تحت16 ہزار سرکاری ملازمین کو بحال کرنے کا فیصلہ سنایا تھا،کورٹ نے گریڈ ایک سے 7 تک کے ملازمین کو بحال کرنے کا حکم جاری کیا تھا جبکہ گریڈ 8 سے اوپر کے ملازمین کو بحالی کیلئے محکمانہ امتحان پاس کرنا اورمس کنڈکٹ اور کرپشن پر نکالے گئے ملازمین کو بحال نہ کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔سپریم کورٹ کے احکامات پر پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے متاثرہ ملازمین کو بحال کر دیا۔تمام گریڈ 1 سے 7 تک کے 7 ملازمین کی بحالی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ فخر واہلہ نے ملازمین کی بحالی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔پی اے آر سی انتظامیہ کے مطابق صدارتی آرڈینس کے تحت ادارے سے صرف 7ملازمین ہی نکالے گئے تھے جنہیں سپریم کورٹ کے احکامات پر بحال کر دیا گیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات ایپارک نے ملازمین کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحالی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے فوری طور پر بحالی کے احکامات جاری کرنے پر چیئرمین پی اے آر سی، سیکرٹری پی اے آرسی اورڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ کے شکر گزار ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close