کراچی(آئی این پی)جامعہ کراچی اور پاکستان میں معذور افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک(این اوڈبلیوپی ڈی پی) کے مابین مفاہمتی یا دداشت پر دستخط کی تقریب جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور پاکستان میں معذورافراد کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک کے صدر امین ہاشوانی نے دستخط کئے۔معاہدے کے مطابق معذور طلبہ کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ذریعے بااختیار بنایا جائے گا۔
پاکستان اور امریکہ کے اشاروں کی زبان(سائن لینگویج) کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی، مختلف صلاحیتوں کے حامل طلباء کی خصوصی ورکشاپس،سیمینار ز کے ذریعے تربیت کو یقینی بنایا جائے گا۔امین ہاشوانی نے جامعہ کراچی کے وفد کوپاکستان میں معذور افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک کے مقاصد اور کامیابیوں اور جامعہ کراچی کے ساتھ مل کر کام کے میدان کو وسعت دینے کے اپنے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے پاکستان میں معذور افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک کے ممبران کو بتایا کہ جامعہ کراچی مختلف معذور طلبہ کو فری شپ کی سہولت فراہم کررہی ہے اور کیمپس میں ان کی فلاح وبہبود کے لئے مختلف سرگرمیاں کررہی ہیں۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور امین ہاشوانی نے امید ظاہر کی کہ باہمی اشتراک کے معاشرے پر مثبت اور دوررس نتائج مرتب ہوں گے اور معذور افراد کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم میسر آسکے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں