گلگت بلتستان ، سیاحتی سرگرمیوں کا دورانیہ 3ماہ سے بڑھا کر12 ماہ تک لے جانے کا منصوبہ

گلگت (آئی این پی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے گلگت بلتستان کا مستقبل روشن ہے، کسی بھی شعبے میں کامیابی کا انحصار محنت پر ہوتا ہے، کاروبار شروع کرنے کیلئے سب سے پہلے اپنی ذات اور صلاحیتوں پر یقین ہونا لازمی ہے، خود اعتمادی اور محنت کیساتھ کام کریں تو کامیابی مقدر ہوگی۔ جمعرات کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ایکسلریٹ پروسپیرٹی اور ٹیک ویلی کے زیر اہتمام ونٹر اور ایڈونچر ٹوریزم سے منسلک سٹارٹ اپس کے تربیتی ورکشاپ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت نہ کرنے والے اپنے آپ سے مخلص نہیں ہوتے۔

کاروبار میں کامیابی کیلئے محنت، ایمانداری اور سچائی کا ہونا لازمی ہے۔ دنیا کی 80فیصد معیشت کا انحصار کاروبار سے منسلک ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وجہ سے کاروبار کے جدید طریقے متعارف ہورہے ہیں۔ انٹرنیٹ کی وجہ سے دور دراز علاقوں میں بھی آن لائن بزنسز کے مواقع میسر آرہے ہیں۔ کاروبار سے منسلک لوگ اپنے ایک سوچ کی تکمیل کررہے ہوتے ہیں اور انسان کو اپنی سوچ کی تکمیل کرتے ہوئے اطمینان محسوس ہوتا ہے۔ جو قومیں محنت نہیں کرتی وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتی۔ اللہ تعالیٰ بھی ان کی مدد کرتا ہے جو محنت کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان کی بیشتر آبادی دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر ہے جس کی وجہ سے انٹرنیٹ کی اہمیت دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ سپیشل ٹیکنالوجی زونز بنائے جارہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا محکمہ قائم کیا گیا ہے جلد آئی ٹی بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ آئی ٹی کے شعبے میں کام کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو ساز گار ماحول فراہم کریں گے۔

پبلک سروس ڈیلوری کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹیلی میڈیسن اور ٹیلی ایجوکیشن کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ تمام محکموں کو ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سیاحتی سرگرمیوں کا دورانیہ 3سے 4ماہ تک محدود ہے۔ ہماری حکومت اس کو 12 ماہ تک بڑھانے کا ہدف رکھتی ہے اس حوالے سے توانائی، Connectivity اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر جامعہ منصوبہ بندی کیساتھ کام کررہی ہے۔ گلگت بلتستان میں ایڈونچر ٹوریزم کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ گلگت بلتستان میں ونٹر ٹوریزم کو فروغ دینے کیلئے گزشتہ سال دیوسائی میں سکی ٹرائیورسنگ متعارف کرایا گیا جس کی وجہ سے بین الاقوامی کمپنیاں اس شعبے میں دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں۔ سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت نے ہوم سٹے کامنصوبہ شروع کیا ہے جس سے سیاحت اور معیشت کو فروغ ملے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں