پشاور(آ ئی این پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی کا جو قافلہ 2013 میں شروع ہوا تھا وہ آئے روز بڑھتا جارہا ہے، آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گا، وزیراعظم عمران خان اور موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے،سیاسی جماعتوں کے کارکنان اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں،جو موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر ان کے اعتماد کااظہار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سوات سے عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ رہنما اور سابق ناظم چپریال محمد شفیق کی قیادت میں علاقے کی بااثر سیاسی شخصیات اور کارکنان نے پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ محمد شفیق کے علاوہ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے دیگر سرکردہ شخصیات میں باچاوس خان، فرمان علی، خان بہادر، دوست محمد، عبدالقادر خان، کامران خان، مصطفی وغیرہ شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے شمولیت کرنے والوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے قافلے میں شامل ہونے کا ان کا یہ فیصلہ ایک درست فیصلہ ثابت ہوگا اور وہ اپنے اس فیصلے سے مطمئن ہونگے۔ صوبے کی ترقی کے لئے اپنی حکومت کی پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادی ترقی پر نہ صرف یقین رکھتی ہے بلکہ اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات بھی اٹھا رہی ہے،پسماندہ اضلاع کی پائیداروں بنیادوں پر ترقی ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور بحیثیت وزیراعلیٰ وہ اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا اور نئی نسل کو ایک بہتر اور خوشحال ملک دینا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے جس کے لئے موجودہ حکومت ایک طویل المدتی منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے اور عوام کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل کرنے کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد عوام کو موجودہ مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں سابق یوسی ناظم چپریال محمد شفیق نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان کو صوبے کا وزیراعلیٰ بنانا پی ٹی آئی اور وزیراعظم عمران خان کا بہترین فیصلہ تھا، جس کی وجہ سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے، موجودہ دور حکومت میں جتنے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی اور وہ صوبے کی ترقی کے لئے وزیراعلیٰ محمود خان کی کوششوں سے متاثر ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد شفیق نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور وزیراعلیٰ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے کارکنان کو پارٹی مفلر اور ٹوپیاں پہنائیں۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں