پولیس کو اطلاع دیئے بغیر جائیدادوں کو کرائے پر دینے پر پابندی عائد

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی دارالحکومت میں پولیس کو اطلاع دیئے بغیر رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کو کرائے پر دینے پر پابندی عائد، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیفٹیننٹ رانا محمد وقاص انور نے دفعہ 144کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا، حکم نامے کا اطلاق فوری طور پر شروع ہو گا جو دو ماہ تک جاری رہے گا،حکم نامے کے مطابق یہ اقدام دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اٹھایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پولیس کو اطلاع دیئے بغیررہائشی اور تجارتی جائیدادوں کے کرائے پر دینے پر دو ماہ کے لئے پابندی لگادی گئی ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیفٹیننٹ رانا محمد وقاص انور نے اس ضمن میں حکم نامہ جاری کردیا ہے جس کی رو سے اسلام آباد کی حدود میں کسی بھی قسم کی رہائشی اور تجارتی جائیداد کو کرایہ پر دینے سے پہلے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو اس کی اطلاع دینا ہوگی۔ حکم نامے میں جائیداد مالکان، بروکرز اور پراپرٹی ڈیلر کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ ایس ایس پی آپریشن کے پاس موجود پروفارمہ پر کوائف درج کریں اور کرائے دار کے شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر کی تصدیق کئے بغیر جائیداد کو کرائے پر مت دیں۔ یہ حکم نامہ دوماہ کے لئے نافذ کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ حکم نامے کے مطابق یہ قدم دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اٹھایا گیا ہے۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر اس حکم نامے کے غیرموثر ہوجانے باوجود وہ تمام کیسز جو یا تو چل رہے ہوں گے یا پھر شروع ہوں گے بدستور جاری رہیں گے اور حکم نامے کے غیرموثر ہوجانے سے ان پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیفٹیننٹ رانا محمد وقاص انور نے حکم نامہ دفعہ 144 کے تحت جاری کیا ہے اور گزٹ آف پاکستان کی ہفتہ وار اشاعت میں شائع کرنے کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close