پنجاب حکومت نےخواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کیلئےعملی اقدامات کی یقین دہانی کر دی

حافظ آباد(آئی این پی) وزیر سوشل ویلفیئر پنجاب سید یاور بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت معاشرہ میں محروم طبقات کی محرومیوں کو ختم کرکے اپنا فرض پورا کرے گی،خواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جلد عملی اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار وہ سی آئی پی کے زیر اہتمام خواجہ سراؤں کے وفاقی قانون 2018 پر عملدر آمد کے جائزہ کے حوالے سے خصوصی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ خواجہ سراؤں کو بھی مخصوص نشستیں دی جائیں سیمینار کی صدارت ریجنل کنوینر ہمار ارشاد نے کی جبکہ ساجد علی ایڈووکیٹ ریجنل منٹور سی آئی پی نے سہولت کاری کے خدمات سرانجام دیں سیمینار میں چیئرپرسن جینڈرمین اسٹیریمنگ محترمہ عظمی کاردار صاحبہ(ایم پی اے)، نیشنل چیئرپرسن سی آئی پی امتیاز فاطمہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ عظمیٰ کاردار نے کہا کہ ہم خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے مؤثر اقدامات کرینگے اس موقع پر سیدہ امتیاز فاطمہ نے کہاکہ سی آئی پی نے بہت کم وقت میں بہت بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ممبر سی آئی پی مون علی چوہدری نے مطالبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے زیرِ انتظام شیلٹر ہوم قائم کیے جائیں اور رہائشی علاقوں میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کی جانب سے مکانات کی خرید و فرخت اور کرایہ کے لئے دوستانہ پالیسی بنائی جائے،ترجمان سی آئی پی لاہور ریجن عمر پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ خواجہ سراوں کو صحت کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، وراثت میں حصّہ دیا جائے۔

ڈپٹی کنوینر سی آئی پی لاہور ریجن جنت علی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں خواجہ سراوں کاکوٹہ مقرر کرکے ان کی تعلیمی خدمات تک رسائی آسان بنائی جائے، کنوینر شاہ حسین ریجنل نیٹ ورک ظفر ملک نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی اداروں میں کم از کم ایک فیصد کوٹہ خواجہ سراوں کے لیے مختص کیا جائے نیز ہنر سکھانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، بشریٰ خالق نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے خواجہ سرا ئافراد کو قومی و صوبائی سطح پر اعزازات سے نوازا جائے۔ ممبر سی آئی پی غلام عباس شیرای نے کہا کہ خواجہ سراؤں کے لیے صوبائی، قومی ا سمبلی،سینٹ میں ان کے لیے نشستیں مختص کی جائیں سی آئی پی کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں خواجہ سرا ئافراد کی کثیر تعداد کے ساتھ ساتھ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں سول سوسائٹی، پالیسی میکرز،صحافی بھی شریک ہوئے۔ آخر میں سی آئی پی کی طرف سے عظمیٰ کاردار اور امتیاز فاطمہ کو افراد باہم معذوری کی مقامی حکومتوں میں مختص کروانے کے حوالے کلیدی کردار ادا کرنے پر صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر یاور بخاری نے سوینیئر پیش کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close