کیچ میں نایاب پرندوں اور جانوروں کا غیر قانونی شکارکرنیوالا ملزم گرفتارکر لیا گیا

کوئٹہ (آئی این پی)بلوچستان کے ضلع کیچ میں بڑی تعداد میں نایاب جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار میں ملوث اسلحہ ڈیلر کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔پیر کو تفصیلات کے مطابق حکام کے مطابق ملزم نے اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر چار ہرن، 12 تلور، 14 جنگلی خرگوش اور دو تیتروں کا شکار کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے ایک ویب سائٹ کو بتایا کہ یہ واقعہ گوادر کے علاقے پسنی سے متصل ضلع کیچ کے علاقے شادی کور میں دو دن قبل پیش آیا تھا تاہم حکام کو ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کا علم ہوا جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں شکار کیے ہوئے ہرن، تلور، جنگلی خرگوش اور تیتر واضح دکھائی دیے۔ ویڈیوز میں شکار کرنے والے افراد فخر سے بتارہے ہیں کہ انہوں نے کتنی تعداد میں نایاب جنگلی حیات کا شکار کیا ہے اور کیسے اڑتے ہوئے تلوروں کو مارا۔محکمہ جنگلی حیات کے کنزویٹر نیاز کاکڑ کے مطابق شکار کیے گئے جنگلی حیات میں سب سے قیمتی تلور ہیں جو خطرے سے دو چار پرندوں کی فہرست میں شامل ہے۔ یہ مہمان پرندے ستمبر سے مارچ تک سائیبریا سے ہجرت کرکے بلوچستان کے گرم علاقوں کی طرف آتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تلور خطرے سے دو چار پرندوں میں سے ایک ہے جس کے غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کی قانون میں ضمانت کی بھی اجازت نہیں۔محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے کنزویٹر نے بتایا کہ شکار کیے گئے تلوروں میں ایک کے پاں میں ٹیگ بھی نظر آرہا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کوئی فارمی تلور ہے۔ ان کے بقول عرب شیوخ نے تلور کی نسل بڑھانے کے لیے فارم بھی قائم کر رکھا ہے جہاں وہ تلور کی افزائش کرکے انہیں چھوڑ دیتے ہیں۔

ممکن ہے کہ یہ ان عرب فارم کے تلوروں میں سے ہوں۔وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کی رپورٹس کے بعد معاملے کا نوٹس لیا اور کمشنر مکران سے رپورٹ طلب کرلی۔ سرکاری بیان کے مطابق وزیراعلی نے غیر قانونی شکار کی سختی سے روک تھام اور جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی اپنی تفریح اور مالی فائدے کے لئے جنگلی حیات اور ماحولیات کو دا پر لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبے کے تمام کمشنرز محکمہ داخلہ رہنمائی اور معاونت سے غیر قانونی شکار کا مکمل تدارک کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں