کراچی سے پنجاب جانے والی پولیس پارٹی پر حملہ، ملزمان اپنے ساتھی کو چھڑا لے گئے، کراچی پولیس نے لیہ پولیس کو ملی بھگت کا ذمہ دار ٹھہرا دیا

لیہ/کراچی(آئی این پی)کراچی سے لیہ جانے والی پولیس پارٹی پر حملہ کرنے والے افراد ملزم کو چھڑا کر فرار ہوگئے۔کراچی سے لیہ جانے والی پولیس پارٹی پر حملہ کرکے ملزمان اپنے ساتھی کو چھڑا لے گئے، ملزم کے خلاف کراچی سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لیہ کے اعظم چوک تھانے کی پولیس نے ملزم کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا تھا، ملزم رمضان گزشتہ دو سال سے اپنے آبائی شہر لیہ میں روپوش تھا۔

ہفتے کو ذرائع کے مطابق ملزم کی کراچی منتقلی کے لیے محکمہ داخلہ کی اجازت سے چار رکنی پولیس پارٹی لیہ پہنچی تھی، پولیس ٹیم ملزم رمضان کو راہداری ریمانڈ کے لیے عدالت لے جارہی تھی۔پولیس کا بتانا ہے کہ تھانے سے نکلتے ہی گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے کراچی پولیس پارٹی کو گھیر لیا، حملہ آور پولیس اہلکاروں کو زدوکوب کرکے ملزم رمضان کو چھڑا کر لے گئے۔کراچی پولیس نے لیہ پولیس پر ملزم سے ملی بھگت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پارٹی کو لیہ پولیس سے نفری ہی نہیں دی گئی تھی، کراچی پولیس ٹیم ملزم کے فرار ہونے کا مقدمہ لیہ میں درج کرائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close