ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بی ایم پی کی مسلسل تیسری فتح

کراچی(آئی این پی)بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کی قیادت اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے عہدیداروں نے بزنس مین پینل (بی ایم پی) کی قیادت اور گروپ کے نومنتخب صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر ایم سلیمان چاؤلہ اور دیگر تمام بی ایم پی کے کامیاب امیدواروں کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ اندسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

ہفتے کو ایک مشترکہ بیان میں چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا، وائس چیئرمینز بی ایم جی طاہر خالق، ہارون فاروقی، انجم نثار اور جاوید بلوانی، جنرل سیکرٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحمان نقی اور نائب صدر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ بی ایم پی نے ایک بار پھر شاندار فتح حاصل کی جو کہ مسلسل تیسری جیت ہے اور ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں تقریباً تمام اہم نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی پوری تاجروصنعتکار برادری کے لیے باعث اطمینان ہے کہ بزنس مین پینل جو ایف پی سی سی آئی پر برسراقتدار ہے اور ملک کے سب سے بڑے چیمبر کے سی سی آئی میں برسراقتدار بزنس مین گروپ ایک پیچ پر ہیں اور تاجر برادری کو درپیش متعدد معاشی و دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک ہی نقطہ نظر رکھتے ہیں جو نہ صرف تاجر برادری بلکہ معیشت کے لیے بھی سہل اور سازگار ثابت ہو گا

انہوں نے کہا کہ میاں انجم نثار کی قیادت میں بی ایم پی کئی سالوں سے سخت جدوجہد کر رہی ہے اور یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب وہ اپنے مخالفین کو زیر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تاجروصنعتکار برادری پُرامید ہے کہ ایف پی سی سی آئی کی نو منتخب قیادت فیڈریشن کے امور کو مزید بہتر بنانے اور اسے ایک متحرک پلیٹ فارم بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ بعض نام نہاد بھاری بھرکم مخالفین کو شکست دینا کوئی آسان کام نہیں تھا لیکن سخت محنت اور مخلصانہ کوششوں کے ساتھ ساتھ بی ایم جی کی مکمل حمایت سے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بی ایم پی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی اور وہ سب تعریف کے مستحق ہیں۔ بی ایم جی لیڈرشپ اور کے سی سی آئی کے عہدیداروں نے اس بات پر زور دیا کہ ایف پی سی سی آئی میں نو منتخب قیادت کو ایف پی سی سی آئی کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی اور ایف پی سی سی آئی کو قومی سطح پر پوری تاجروصنعتکار برادری کی صف اول کی آواز بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے مؤثر حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔

چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا نے اس بات پر زور دیا کہ ایف پی سی سی آئی کو بطور قومی ادارہ قومی مسائل کے حل پر توجہ دینی ہوگی جبکہ نو منتخب قیادت کو انتخابی مہم کے دوران تاجر برادری سے کیے گئے تمام وعدوں کو بھی پورا کرنا ہوگا۔ ایف پی سی سی آئی کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں بی ایم پی کی قیادت کی جانب سے اٹھائے جانے والے ہر اقدام پر کراچی چیمبر اور بزنس مین گروپ کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ہمیں پختہ یقین ہے کہ اگر ہم اجتماعی کوششیں کریں تو ہم سب جاری معاشی بحران سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں