ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی، 7 فارما کمپنیوں، اسٹورز کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(آئی این پی)کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 7فارما کمپنیوں اور میڈیکل اسٹورز کے لائسنس معطل اور ایک لائسنس کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے،غیرمعیاری ادویات کی تیاری کرنے والی5 کمپنیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کیلئے ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کو کیس بھجوا دیا گیا، ڈرگ ایکٹ کی معمولی خلاف ورزیوں پر 4اداروں کووارننگ جاری، 2کمپنیوں کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کوالٹی کنٹرول بورڈ کا 50 واں اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل سیکریٹری صحت نے کی۔ اجلاس میں ضلعی ہیلتھ افسر اسلام آباد، ڈپٹی سیکریٹری صحت، ایڈیشنل ڈائریکٹرڈی آراے پی اور دیگر تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔ سیکریٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ سردار شبیر احمد نے ڈرگ ایکٹ کے خلاف پر درج 20 کیسز پیش کئے۔ بورڈ نے 2 اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے، 7فارما کمپنیوں اور میڈیکل اسٹورز کے لائسنس معطل کرنے اور ایک لائسنس کو منسوخ کرنے کی سفارش کی۔ بورڈ نے معمولی خلاف ورزیوں پر 4 اداروں کو تنبیہ کی۔

بورڈ نے غیرمعیاری ادویات کی تیاری کے 5 مقدمات کا بھی جائزہ لیا، یہ مقدمات رجسٹریشن سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کے لئے ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کو بھیج دیئے۔ بورڈ نے مقدمات کو فوری طور پر نمٹانے کے لئے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں