حکومت نے کرائے پر ڈیزل جنریٹر حاصل کر لیے،گلگت، سکردو، ہنزہ میں شام 6 سے رات 10 بجے تک بجلی فراہم کی جائے گی ،وزیر اطلاعات فتح اللہ خان کی میڈیا بریفنگ

گلگت(آئی این پی) وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ڈیزل جنریٹروں سے بجلی کی مکمل فراہمی یکم جنوری سے شروع ہو جائے گی۔ پیر کوچیف انجینئر غلام مرتضیٰ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے کہا کہ سردیوں میں عوام کو زیادہ اوقات میں بجلی فراہم کرنے کے لئے کرا ئے پر ڈیزل جنریٹرز لائے گئے ہیں جن سے گلگت سکردو اور ہنزہ میں 25 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اور شام 6 سے رات 10 بجے تک شہریوں کو بجلی فراہم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت موجودہ سال میں سردیوں کے دوران زیادہ اوقات کے لئے سردیوں میں بجلی دستیاب ہے۔ موجودہ حکومت بجلی کی بہتری کیلئے جدو جہد کررہی ہے۔یکم جنوری سے بجلی مزید بہتر ہوگی۔حقیقی معنوں میں انصاف کے نام پر ہماری حکومت قیام عمل میں آئی ہے اور مدینے کی ریاست کی جو ہم بات کرتے ہیں وہ آنے والے دنوں میں پتہ چلے گا۔پہلی حکومتوں نے بھی بجلی کی ترسیل کیلئے اپنی تئیں کوششیں تو کیں لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر سکے،البتہ ہماری صوبائی حکومت بہتر منصوبہ بندی کررہی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے،اور مزید بہتری کیلئے متعلقہ محکمہ دن رات کوشاں ہے۔اس موقع پرصوبائی وزیر نے عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ بھاری برقی آلات کے استعمال سے اجتناب کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں