پشاور، آزاد منتخب ہونے والے جنرل کونسلر نےجمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اختیار کرلی

پشاور (آ ئی این پی)نوتھیہ جدید سے کامیاب ہونیوالے جنرل کونسلر مفتی عرفان اللہ نے جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس سلسلے میں یونین کونسل 34 این سی 77 نوتھیہ جدید سے جنرل کونسلر کی نشست پر کامیاب آزاد امیدوار نے مفتی اسد زیب اور مولانا عدنان نے وفد کی شکل میں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان سے ان کی رہائشگاہ بیت النصر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے باقاعدہ جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اختیار کی اور کہا کہ ارباب فاروق جان کے ساتھ ہر موقع پر کھڑا رہوں گا جن پر ہمارا بھر پور اعتماد ہے اور علاقہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان نے مفتی عرفان اللہ کی شمولیت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جمعیت کی کامیابی علماء کرام کی کامیابی اور مولانا فضل الرحمان کی مسلسل آٹھ سالہ جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے نالائق و سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف بھر پور اور منظم طریقے سے اپوزیشن کا کردار ادا کیا جس کی بدولت ان کو عوام نے کامیابی دلائی جس سے مخالفین کے ہوش اڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوتھیہ کے عوام نے علماء کرام اور مذہب پسند لوگوں پر اعتماد کیا ہے جس پر اہلیان نوتھیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نوتھیہ ہمارا گاؤں ہے جہاں کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے اور ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close