پشاور(آ ئی این پی)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ریلیف بحالی وآبادکاری اقبال وزیر نے کہا ہے کہ تحصیل سپین وام اور حیدرخیل میرعلی میں فیڈرز پر تمام کام مکمل کیا گیا ہے، جس کا افتتاح عنقریب کیا جائیگافیڈرزکے افتتاح سے تحصیل سپین وام اور میر علی میں بجلی کے مسائل کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ڈی او ٹیسکو سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران بجلی مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ڈی او ٹیسکو سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سپین وام میں گرڈ سٹیشن کا افتتاح بھی جلد ازجلد کیا جائیگا شمالی وزیرستان کے دیگر علاقوں میں بھی بجلی کے مسائل کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ایس ڈی او کو شمالی وزیرستان میں بجلی کے دیگر مسائل بھی جلد ازجلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ٹرانسفرمرز کی فراہمی سمیت دیگر مسائل کے حل پر بھی کام تیزی سے جاری ہے،
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں شمالی وزیر ستان سمیت تمام قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے علاقے میں امن بحال ہونے کے بعد موجودہ حکومت ضم اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے آخر میں ٹیسکو حکام نے صوبائی وزیر کو علاقے میں بجلی کے تمام مسائل جلد ازجلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں