پنجاب پولیس کام کرنے لگی، 2کروڑ روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کرکے 97مالکان کے حوالے کردیا

حافظ آباد(آئی این پی)حافظ آباد پولیس نے 2کروڑ روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کرکے 97مالکان کے حوالے کردیا۔ پولیس نے ڈیڑھ ماہ کے قلیل عرصہ میں منظم جرائم کے خلاف کامیاب کاروائیاں کرتے ہوئے عرصہ دراز سے ڈکیتی، ہاؤس رابری، راہزنی،سٹریٹ کرائم، ہائی وے رابری،نقب زنی، مویشی چوری، موٹرسائیکل چوری جیسے سنگین جرائم میں مطلوب06بدنام زمانہ ڈکیت گینگز سمیت42چورو ڈکیت گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 2کروڑ روپے سے زائد کا ما ل مسروقہ برآمدکیا۔

اس سلسلہ میں ایک تقریب ڈی پی او آفس میں منعقد ہوئی جس میں ڈی پی او بلال ظفر نے بتایاکہ گرفتار گینگز میں عظمت ڈکیت گینگ، بین الضلاعی لیاقت عرف لیاقو ٹریکٹر چور گینگ،عنصر عرف عنصرو ڈکیت گینگ،وقار ڈکیت گینگ، غضنفر عرف غنی مویشی چور گینگ اور بین الضلاعی مجاہد ی ڈکیت گینگ شامل ہیں۔وقار،مجاہدی، عنصرعرف عنصرو اور عظمت ڈکیت گینگز کے ملزمان ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے،بین الضلاعی لیاقت عرف لیاقو ٹریکٹر چور گینگ نے ٹریکٹر چھیننے کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن خالد محمود تبسم نے ملزمان سے برآمد ہونے والا مال مسروقہ97مالکان کے حوالے کیا۔برآمد کیے جانے والے مال مسروقہ میں 36 لاکھ 11 ہزار سے زائد نقدی،03 ٹریکٹر، 02 کاریں،12موٹرسائیکلیں، 01رکشہ،10راس گائے، 10 راس بھینسیں،01 بیل، 07 بچھڑے،06شاخ بکرے اور 11 موبائل فونز سمیت تقریباً 2 کروڑ 19 لاکھ سے زائدمالیت کا مال مسروقہ 97 مالکان کے حوالے کیا۔

گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے نتیجہ میں ناجائز اسلحہ رکھنے والے94ملزمان گرفتار کر کے 89 مقدمات درج کئے گئے جن کے قبضہ سے 3 کلاشنکوفیں، 66 پسٹل،12 بندوقیں اور10 رائفلیں برآمد کی گئیں۔ڈی پی او بلال ظفر کا کہنا تھا کہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس اہم ذمہ داری میں ہم کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔۔۔۔

close