گلگت بلتستان کے500نوجوانوں کو تربیت دینے کا منصوبہ، بیرون ممالک باعزت روزگار دینے کا معاہدہ کر لیا گیا

گلگت(آئی این پی)گلگت بلتستان کے کم پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے بڑی خبر، گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام اور گلگت بلتستان اورسیز ٹریڈ، ٹیسٹنگ اینڈ ٹریننگ سنٹر کے مابین 500نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دینے اور بیرون ممالک باعزت روزگار دینے کے معاہدے پر دستخط ہو گئے،دونوں اداروں کے درمیان پہلے مرحلے میں 45دوسرے مرحلے میں 150نوجوانوں کو کامیابی کے ساتھ تربیت فراہم کرنے اور بعد ازاں بیشتر نوجوانوں کو بیرون ممالک باعزت روزگار کی فراہمی کے معاہدے کی شاندار کامیابی کے بعد دونوں اداروں نے تیسرے مرحلے میں 500نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں شارٹ کورسز کے بعد بیرون ممالک میں روزگار کی فراہمی کے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر لئے ہیں۔

پیر کو گلگت بلتستان رورل سورٹ پروگرام آفس چنار باغ میں جی بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالطیف اور جی بی او ٹی ٹی ٹی سی کے ایم ڈی ولی جان نے دونوں اداروں کے ذمہ داران پراگرام منیجر امجد ولی، فنانس منیجر فدا کریم اور جی بی او ٹی ٹی ٹی سی کے پروگرام منیجر شکر اللہ بیگ کی موجودگی میں معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر لئے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو افیسر جی بی آر ایس پی عبدالطیف نے کہا کہ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام بے روزگاری، جہالت اور غربت کے خلاف جنگ میں نبرد آزما ہے اور گلگت بلتستان کے پانچ سو نوجوانوں کو اعلی او ر معیاری تربیت فراہم کرکے انکو بیرون ممالک باعزت روزگار فراہم کرنے کا معاہدے پر دستخط تاریخی معاہدہ ہے اور اسمعاہدے کی کامیابی سے گلگت بلتستان کے پانچ سو خاندانوں کا نہ صرف چولہا جلے گا بلکہ یہ نوجوان مستقبل میں اپنے خاندان کا سہارا بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جی بی او ٹی ٹی ٹی سی کے ساتھ پہلے 45بعد ازاں 150نوجوانوں کی تربیت کے معاہدے کی کامیابی کے بعد صوبائی حکومت کے تعاون سے مذید 5 سو نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور گلگت بلتستان حکومت اور جی بی آر ایس پی کا تاریخی فیصلہ ثابت ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کی رہائش، کھانے پینے، اور تربیت کے اخراجات جی بی آر ایس پی برداشت کرے گی جبکہ ان کو بین الاقوامی معیار کی تربیت جی بی ٹی ٹی ٹی سی فراہم کرے گی۔دریں اثنامیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلگت بلتستان اورسیز ٹریڈ ٹیسٹنگ اینڈ ٹریننگ سنٹر کے ایم ڈی ولی جا ن نے کہا کہ ہمارے ادارے نے اب تک گلگت بلتستان کے ایک ہزار سے زائد نوجوانوں کو بیرون ممالک روزگار فراہم کیا ہے اس وقت ہمارے ادارے سے مختلف شعبہ ہائے جات میں تربیت حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 600ہے جن میں سے 150کی مالی معاونت جی بی آر ایس پی کر رہی ہے۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان خطے کے نوجوانوں کو فنی تربیت اور انکو باعزت روزگار کی فراہمی کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں بھر پور تعاون کر رہے ہیں صوبائی حکومت کا تعاون جاری رہا تو گلگت بلتستان کے بڑی تعداد میں نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دینے کے بعد انکو بیرن ممالک باعزت روگار فراہم کیا جا سکتا ہے۔اک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے سی ای او عبدالطیف کی ذاتی دلچپسی اور کوششوں کی بدولت گلگت بلتستان کے کم پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close