عمر خطاب شیرانی کے قتل کے بعدسٹی میئر ڈیرہ اسماعیل خان کی نشست پر الیکشن ملتوی

ڈیر ہ اسماعیل خان(آئی این پی)خیبر پختونخوا کے 17اضلاع کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پر امن ماحول میں جاری رہا، سٹی میئر ڈیرہ کی نشست پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کے اندوہناک قتل کے واقعہ اور سٹی میئر کی نشست پر الیکشن ملتوی ہونے کے بعد ووٹرز کی دلچسپی اور جوش خروش کم نظر آیا، بعض مقامات پر معمولی لڑائی جھگڑوں کی اطلاعات، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اعوان اور ڈی پی او کیپٹن(ر) نجم الحسنین لیاقت نے شہر کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ، ہتھالہ کے قریب انتخابی ڈیوٹی کیلئے ضلع ٹانک کے علاقہ ڈبرہ جانیوالی پریذائیڈنگ آفیسر ثمینہ کنڈی کی گاڑی کو حادثہ، شوہر اور کمسن بیٹے سمیت زخمی ہوگئیں۔

اتوار کو تفصیلات کے مطابق حالیہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مجموعی طور پر پر امن ماحول میں ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اس موقع پر پولیس نے سیکورٹی کے فرائض انجام دیئے، سٹی میئر ڈیرہ کی نشست پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کے اندوہناک قتل کے واقعہ اور سٹی میئر کی نشست پر الیکشن ملتوی ہونے کے بعد ووٹرز کی دلچسپی اور جوش خروش کم نظر آیا کیونکہ سٹی میئر کی نشست پر بڑا کھڑاک اس اندوہناک واقعہ کے بعد ملتوی ہوا۔سٹی میئر ڈیرہ کی نشست پر اہم مقابلہ جمعیت علمائے اسلام ف کے نامزد امیدوار کفیل احمد نظامی، وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور اور صوبائی وزیر فیصل امین گنڈہ پور کے بھائی کیپٹن(ر) عمر امین گنڈہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی سمیت ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے صدر قیضار خان میانخیل کے مابین ہونا تھا جبکہ تحریک لبیک کے شفیق قصوریہ، آزاد امیدوارخالد اعوان ایڈوکیٹ، حاجی تنویرسمیت دیگر امیدوار بھی مقابلے میں تھے۔ پولنگ کا آغاز مقررہ وقت پر ہوا۔

بعض مقامات پر امیداروں اور ان کے حامیوں میں معمولی لڑائی جھگڑے کی اطلاعات کے باعث پولنگ کا عمل قتی طور پر روکا گیا تاہم مجموعی طور پر حالات پر امن رہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر و سینٹر مولانا عطاء الرحمن نے اپنا ووٹ آبائی حلقہ عبدالخیل میں پول کیا۔پولنگ کے عمل کے دوران جے یو آئی کے امیدوار کفیل احمد نظامی، پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی اور دیگر امیدواروں نے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کفیل احمد نظامی کے حامیوں نے ان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اعوان اور ڈی پی او کیپٹن(ر) نجم الحسنین لیاقت نے شہر کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دوہ کیااور پولنگ کے عمل سمیت سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

ادھر تھانہ صدر کے علاقہ گرہ حیات میں فائرنگ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈی ایس پی حافظ عدنان خان کی قیادت میں پولیس نے فوری کاروائی کرتے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔دریں اثناء ٹانک کے علاقہ ڈبرہ میں انتخابی ڈیوٹی کیلئے جانیوالی پریذائیڈنگ آفیسرثمینہ کنڈی کی گاڑی تحصیل کلاچی کے علاقہ ہتھالہ میں ٹائر پھٹنے کے باعث بے قابو ہوکر الٹ کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں پریذائیڈنگ آفیسرثمینہ کنڈی، ان کا خاوند اور 1سالہ کمسن بیٹا زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا جہاں تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close