سندھ میں ترقیاتی کام ، وفاق کوئی احسان نہیں کررہا، صوبے سےٹیکسوں کی مد میں حاصل ہونے والا پیسہ بنی گالا کا کچن چلانے کیلئے جمع نہیں ہوتا، پیپلز پارٹی رہنما کا سخت وار

سکھر( آئی این پی ) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہاہے کہ سندھ سے ٹیکسز کی مد میں حاصل ہونے والا پیسہ بنی گالا کا کچن چلانے کیلئے جمع نہیں ہوتا وفاق سندھ میں ترقیاتی کام کرا رہا ہے تو کوئی احسان نہیں کررہا۔ ہفتے کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم سے صوبائی خود مختاری ہضم نہیں ہورہی ہے ایم کیو ایم والے آج جو بات کررہے ہیں وہ شاید بھول گئے ہیں کہ وہ تو سندھ کو ٹکڑے کرنے کی باتیں کرتے تھے سندھ کو دو ٹکڑے کرنے کا خواب صوبائی خودمختاری کے خلاف ہے عمران خان تو اپنی تقریروں میں یہ کہہ چکے ہیں کہ صوبائی خود مختاری اور این ایف سی کی وجہ سے ہم کنگال ہوگئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے دور میں گیس،بجلی اور پیٹرول ناپید ہے اور پھر بھی وہ ان چیزوں کی قیمتیں بڑھائے تو ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ شرم۔تم۔کو مگر آتی نہیں.

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف کم سے کم۔پیپلزپارٹی احتجاج تو کررہی ہے مگر دیگر جماعتیں تو مکمل۔خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سے علیحدہ ہوکر بھی پیپلزپارٹی نے بڑے جلسے کیے ہیں اور ستائیس دسمبر کو بھی گڑھی خدا بخش میں کرنے جارہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف مظاہروں اور دھرنوں میں صرف ہمارے کارکنان نہیں عوام بھی شامل ہوکر اس حکومت سے نفرت کا اظہار کررہے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں