حق دو کراچی کو، کراچی بچاؤ مارچ آج ہو گا، عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل

کراچی(آئی این پی) امیر جماعتِ اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے آج اتوار19دسمبر کوجماعت اسلامی کی ”حق دو کراچی کو” مہم کے تحت کراچی بچاومارچ میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں بااختیار بلدیاتی نظام ہی شہرکی تعمیروترقی اورعوام کے مسائل کا حل ہے۔ ہفتے کو انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ کراچی تا کشمور بااختیار اور یکساں بلدیاتی نظام ہونا چاہئے،

کراچی وحیدرآباد ڈسٹرکٹ کونسل کو توڑ کر شہری آبادی میں شامل کرنا کھلا تضاد، ناانصافی اور ظلم ہے۔ حکمرانوں بے حسی وسیاسی جماعتو ں کی جانب سے کراچی پر قبضہ کی جنگ نے شہر کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل اور بدامنی کی طرف دھکیلا ہے، کتنے افسوس کی بات ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور صوبائی دارلخلافہ کے عوام بھی تعلیم، صحت، پانی، ٹرانسپورٹ جیسے بنیادی مسائل کے حل کیلئے سراپا احتجاج ہیں۔

اس وقت پورا صوبہ کھنڈرات میں تبدیل ہوا پڑا ہے، تعلیمی نظام تباہ اسکول بلڈنگ وہسپتال ویران پڑے ہیں، ڈاکٹرز ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے غریب عوام رل گئے۔جماعت اسلامی کی کراچی کے مسائل کے حل کے لیے حق دو تحریک عوام کے دلوں کی آواز ہے۔جماعت اسلامی کے نمائندوں عبدالستارافغانی اورنعمت اللہ خان نے کراچی کی تعمیروترقی اورعوام کی خدمت میں بھرپور کرداراداکیا جس کے کام وکردار کے مخالفین بھی معترف ہیں۔

عوام بلدیاتی انتخابات سمیت ہرفورم پراپنے مسائل کے حل اورشہرکی ترقی کے لیے اہل ودیانتدارلوگوں کو منتخب کریں۔صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ آئین وقانون کے مطابق کراچی تا کشمور سندھ کے عوام کو اپنے حقوق دیئے جائیں، لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات دیکر عزت سے جینے کا حق دیا جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close